ہردوئی میں دردناک حادثہ
ہردوئی: اتر پردیش کے ہردوئی ضلع میں ریت سے بھرا ٹرک الٹ گیا۔ اس حادثے میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد کی موت ہو گئی، جب کہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ منگل کی دیر رات پیش آیا۔ ٹرک الٹنے کے بعد سڑک کنارے رہنے والا پورا خاندان ریت کے نیچے دب گیا۔ جب تک ریت اور ٹرک کو ہٹا کر نیچے دبے لوگوں کو باہر نکالا جاتا، چار بچوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو چکے تھے۔
زیادہ ریت ہونے کے باعث موڑ پر الٹ گیا ٹرک
ہردوئی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ایم پی سنگھ نے بتایا کہ ٹرک گنگا کے کنارے سے ریت نکال کر ہردوئی جا رہا تھا۔ ریت کی زیادتی کے باعث ٹرک موڑ پر الٹ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور کسی طرح ٹرک کے نیچے دبے لوگوں کو باہر نکالا۔ حالانکہ، تب تک ایک لڑکی کے علاوہ باقی سب کی موت ہوچکی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ممبئی سے متصل شہر ڈومبیولی کی ایک کیمیکل کمپنی میں لگی شدید آگ، کئی کلومیٹر دور سے دکھائی دے رہا ہے دھواں
حادثے کی وجوہات کی جانچ جاری
ضلع مجسٹریٹ نے کہا، “مرنے والوں کی شناخت 45 سالہ بِلا، 42 سالہ اس کی بیوی منڈی، 5 سال کی بیٹی سنینا،4 سال کی بیٹی للا،4 سال کی بیٹی بدھو، 25 سالہ بِلا کا داماد کرن، 22 سال کی بیٹی ہیرو 5 سال کی نواسی کومل کے طور پر ہوئی ہے۔ نواسی بٹو زخمی ہو گئی۔ سبھی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکام حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔