فائل تصویر
مظفرپور: بہار کے مظفرپور ضلع میں ہفتہ کی صبح ایک المناک حادثہ پیش آیا، جہاں موہتی پور بازار کے درگا استھان کے قریب نیتاجی روڈ پر للن ساہ کی رہائش گاہ میں شارٹ سرکٹ کے باعث بھیانک آگ بھڑک اُٹھی۔ اس حادثے نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ افسوسناک طور پر ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جھلس کر موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ پانچ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، انتظامیہ اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوراً موقع پر پہنچ گئیں، مگر تب تک آگ بہت پھیل چکی تھی اور صورتحال قابو سے باہر ہو چکی تھی۔
گھر سے نکلنے کا نہیں ملا وقت
حادثہ اُس وقت پیش آیا جب گھر کے تمام لوگ گہری نیند میں تھے۔ آگ نے چند ہی لمحوں میں پورے مکان کو اپنی زد میں لے لیا، جس سے لوگوں کو باہر نکلنے کا موقع تک نہیں ملا۔ ماں باپ، دو بچے اور خاندان کا ایک اور فرد جھلس کر ہلاک جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوگئے۔ علاقہ صدمے میں ہے۔ مرنے والوں کی شناخت للن ساہ، سشیلا دیوی، پوجا کماری اور دو اور سات سال کے دو بچوں کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں میں لال بابو پرساد، مالا دیوی، للن کمار کی رشتہ دار، لال بابو پرساد کی بیٹی ساکشی کماری، اور للن ساہ کا بھائی ارجن کمار شامل ہیں۔
فائر بریگیڈ کی فوری کارروائی
فائر ڈیپارٹمنٹ کے کمانڈنٹ عامر اسرار نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح 5:30 بجے پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی موہتی پور سے فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ چھت سے داخل ہو کر پانچ افراد کو نکالا گیا، لیکن پانچ لوگ جھلس کر ہلاک ہو چکے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی جانچ میں آگ شارٹ سرکٹ سے لگنے کی بات سامنے آئی ہے۔ حالانکہ، ایک اسپیشل ٹیم تحقیقات کر رہی ہے، جس کی رپورٹ کے بعد اصل وجہ واضح ہو سکے گی۔
زخمیوں کی حالت تشویشناک
شری کرشنا میڈیکل کالج اسپتال (SKMCH) کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ستیش کمار نے بتایا کہ چار مریض ہمارے برن وارڈ میں داخل ہیں، جن کے جسم کا 50 فیصد سے زیادہ حصہ جل چکا ہے۔ 40 فیصد سے زیادہ جلنے کی حالت کو ہم انتہائی خطرناک سمجھتے ہیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے، جبکہ ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی ہلاکت نے رشتہ داروں اور پڑوسیوں کو گہرے صدمے میں ڈال دیا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



