کانگریس کی پالیسی ووٹ حاصل کرو، بھول جاؤ، پی ایم مودی نے ناگالینڈ میں کانگریس پر حملہ کیا
وزیر اعظم نریندرمودی آج ناگالینڈ اورمیگھالیہ میں تین ریلیوں سے خطاب کررہے ہیں۔ انتخابی ریاست ناگالینڈ میں ایک انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کانگریس پارٹی پر جم کر نشانہ لگایا۔ پی ایم مودی نے اپوزیشن پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ناگالینڈ کی حکومت کو ریموٹ کنٹرول سے چلایا ۔ دہلی سے دیما پور تک انہوں نے پریوار واد کو ہی پہلی ترجیح دے رکھی تھی۔ جب کہ بی جے پی کی حکومت نے پورے نارتھ ایسٹ کے لئے دہلی کی حکومت کی سوچ کو ہی بدل دیا ہے۔پی ایم مودی نے کہا کہ کانگریس نے نارتھ ایسٹ کو اے ٹی ایم مانا ہواتھا ۔ حکومت کا پیسہ عوام تک نہیں بلکہ بدعنوان پارٹیوں کی تیجوری میں پہنچتا تھا ۔ پی ایم نے کہا، “کانگریس کی پالیسی ووٹ حاصل کرنا اور بھول جانا ہے۔ کانگریس نے دہلی سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے شمال مشرق کو کنٹرول کیا جب کہ بی جے پی آٹھ ریاستوں کو ‘اشٹ لکشمی’ مانتی ہے۔” انہوں نے کہا کہ دہلی سے لے کر دیما پور تک انہوں نے صرف خاندان پرستی کو ترجیح دی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ ناگالینڈ اورمیگھالیہ میں 27 فروری کو انتخابات ہیں، جب کہ تریپورہ کے ووٹوں کی گنتی 2 مارچ کو ہوگی۔بی جے پی نے شمال مشرقی ریاستوں میں حکومت بنانے کے لیے پوری طاقت جھونک دی ہے۔ وزیرداخلہ امت شاہ اور بی جے پی صدرجے پی نڈا کے بعد بی جے پی کے سب سے بڑے لیڈراور وزیر اعظم نریندرمودی ہنکار بھرنے والے ہیں ۔دوسری جانب آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا شرما نے انتخابی والی ریاست میں بی جے پی کے اہم رہنماؤں کے دورے کے بارے میں کہا ہے کہ یہ ناگالینڈ کے مستقبل اور این ڈی پی پی کے ساتھ اس کے تعلقات کو لے کر پارٹی کی تشویش کوظاہر کرتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ناگالینڈ میں بی جے پی کی ریلیوں سے خطاب کیا ہے۔ بی جے پی-این ڈی پی اتحاد ریاست کی تمام 60 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہا ہے۔ناگالینڈ کے علاوہ پی ایم مودی میگھالیہ میں بھی دو پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ ان کا پہلا پروگرام روڈ شو کا ہے جو شیلانگ میں منعقد کیا جائے گا۔ دوسری جانب دوسرا پروگرام گارو پہاڑیوں کے ایک اہم مرکز تورہ میں منعقد ہوگا۔ جہاں وہ انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔
اہم بات یہ ہے کہ میگھالیہ اور ناگالینڈ میں 27 فروری کو انتخابات ہونے ہیں۔ دونوں ریاستوں میں انتخابی مہم چلانے کی آخری تاریخ 25 فروری شام 4 بجے تک ہے۔ اس سے ایک دن پہلے دونوں ریاستوں میں وزیر اعظم مودی کی انتخابی مہم کی وجہ سے یہاں کا سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔