اب سے کچھ ہی منٹوں میں نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ شروع ہونے والی ہے اور ذرائع کے مطابق وزیر اعظم مودی سنسد بھون پہنچ چکے ہیں۔ دریں اثنا پنجاب میں حالیہ شدید سیلابی صورت حال کے دوران مرکز اور ریاستی حکومت کی مبینہ بے حسی پر احتجاج کرتے ہوئے شیرومنی اکالی دل (SAD) نے نائب صدر کے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کا تقریباً ایک تہائی علاقہ زیرِ آب ہے، جہاں مکانات اور فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’یہ ایک انسانی غفلت کا نتیجہ ہے، جس کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ مرکزی اور ریاستی—دونوں حکومتیں پنجاب کے عوام کی مدد کے لیے آگے نہیں آئیں۔‘‘ پارٹی نے نائب صدر کے انتخابات اس وقت منعقد کرنے کو ’’غیر حساس‘‘ قرار دیا اور کہا کہ ریاست کی عوام حکومتوں کے رویے سے شدید ناراض ہیں۔ حالاں کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج پنجاب اور ہماچل پردیش کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے والے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’شیرومنی اکالی دل پنجاب کے عوام کی آواز ہے اور ان کے جذبات کی نمائندگی کرتے ہوئے ہم نے اس الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ لوک سبھا میں بھٹنڈہ سے ہرسمرت کور بادل SAD کی واحد رکن پارلیمنٹ ہیں، جب کہ راجیہ سبھا میں پارٹی کی کوئی نمائندگی نہیں ہے۔ وہیں اکالی دل کے علاوہ بھارت راشٹرا سمیتی (BRS) اور بیجو جنتا دل (BJD) نے بھی اس انتخابی عمل سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ BRS نے تلنگانہ کے کسانوں کو بحران کے وقت مدد نہ ملنے کو اپنی دوری کا جواز بنایا ہے، جب کہ BJD نے ایک بار پھر این ڈی اے اور انڈیا بلاک دونوں سے ’’یکساں فاصلہ‘‘ رکھنے کی اپنی پالیسی کو اپنے فیصلے کی بنیاد بنایا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




