نئی دہلی: مرکز کی مودی حکومت نے بدھ کو قومی گیت ‘وندے ماترم’ سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے۔ نئے احکامات کے مطابق سرکاری پروگراموں اور تعلیمی اداروں میں وندے ماترم کے دوران کھڑا ہونا لازمی ہوگا اور وندے ماترم کے چھ بند گانا یا بجانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔۔ اس سلسلے میں تمام ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں، وزارتوں اور آئینی اداروں کو باضابطہ نوٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق 3 منٹ 10 سیکنڈ پر مشتمل چھ بندوں والا وندے ماترم سرکاری تقاریب میں بجانا یا گانا لازمی ہوگا۔ دس صفحات پر مشتمل اس حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر قومی ترانہ اور وندے ماترم دونوں ایک ساتھ بجائے یا گائے جائیں تو پہلے وندے ماترم پیش کیا جائے گا، اور اس دوران تمام افراد کو خبردار حالت میں کھڑے رہنا ہوگا۔
قابل ذکر بات یہ ہےکہ سینما گھروں کے لیے اس حکم میں نرمی رکھی گئی ہے۔ رہنما خطوط کے مطابق فلم تھیٹرز میں وندے ماترم کے دوران کھڑا ہونا لازمی نہیں ہوگا۔ اسی طرح اگر کسی نیوز ریل یا ڈاکیومنٹری میں وندے ماترم یا قومی گیت فلم کے ایک حصے کے طور پر شامل ہو تو ناظرین سے کھڑے ہونے کی توقع نہیں کی جائے گی، کیونکہ اس سے نظم و ضبط کے بجائے الجھن پیدا ہو سکتی ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری نوٹ میں ان تقریبات اور مقامات کی فہرست بھی دی گئی ہے جہاں وندے ماترم بجایا جا سکتا ہے، جن میں اسکول اسمبلیاں بھی شامل ہیں۔ رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ قومی گیت کے دوران احترام کے ساتھ کھڑا رہنا چاہیے۔ حکومت کے اس اقدام کو وندے ماترم کو مزید مقبول بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس سے قبل قومی گیت کی ڈیڑھ سو ویں سالگرہ کے موقع پر پارلیمنٹ میں اس موضوع پر شدید بحث بھی ہو چکی ہے اور یومِ جمہوریہ کی پریڈ میں وندے ماترم پر مبنی جھانکیاں بھی پیش کی گئی تھیں۔
اس حکم نامے کی ایک اہم بات یہ ہے کہ اب تک عوامی سطح پر جو وندے ماترم گایا جاتا رہا ہے، اسے نامکمل قرار دیا گیا ہے۔ نئی ہدایات کے مطابق وہ مکمل وندے ماترم پیش کیا جائے گا، جس میں وہ اضافی سطریں بھی شامل ہیں جو بنکم چندر چٹرجی نے ابتدا میں تحریر کی تھیں۔ وندے ماترم پر لوک سبھا میں بحث کے دوران وزیر اعظم مودی نے کانگریس اور سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو پر سوال بھی اٹھائے تھے۔وزارت داخلہ کے مطابق وندے ماترم ان مواقع پر لازمی ہوگا، جن میں شہری اعزازات کی تقریبات، سرکاری و رسمی ریاستی پروگرام، صدرِ جمہوریہ اور گورنر کے سرکاری تقاریب میں آمد و روانگی، قومی پرچم کی پریڈ اور وہ دیگر مواقع شامل ہیں جن کے لیے حکومتِ ہند خصوصی احکامات جاری کرے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



