کیدارناتھ کے قریب ہیلی کاپٹر گر کر تباہ
رودرپریاگ: اتوار کی صبح کیدارناتھ دھام کے قریب ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ گپتکاشی سے کیدارناتھ جا رہا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں اب تک 5 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ شروعاتی جانکاری کے مطابق، حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔ فی الحال راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ گوری کنڈ سے بھی ریسکیو ٹیم بھیجی جا رہی ہے۔ ہیلی کاپٹر آرین ایوی ایشن کمپنی کا بتایا جا رہا ہے۔
کریش ہو کر جنگل میں گرا ہیلی کاپٹر
معلومات کے مطابق، ہیلی کاپٹر نے مستورا گپتکاشی سے صبح تقریباً 5 بجے ٹیک آف کیا تھا۔ ہیلی کاپٹر میں پائلٹ اور 6 مسافروں سمیت کل 7 افراد سوار تھے۔ ہیلی کاپٹر کے حادثے کی اطلاع پرواز کے کچھ دیر بعد ملی۔ ہیلی کاپٹر کریش ہو کر گوری کنڈ کے جنگل میں گرا۔ حالانکہ، اس المناک حادثے میں 5 افراد کی موت ہو گئی ہے، جبکہ دو دیگر افراد شدید زخمی بتائے جا رہے ہیں۔
سی ایم دھامی نے کی حادثے کی تصدیق
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ہیلی کاپٹر کے حادثے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے اتوار کی صبح ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’’رودرپریاگ ضلع میں ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بارے میں انتہائی افسوسناک خبر ملی ہے۔ SDRF، مقامی انتظامیہ اور دیگر ریسکیو ٹیمیں راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ بابا کیدار سے تمام مسافروں کی سلامتی کی کامنا کرتا ہوں۔‘‘
گزشتہ ماہ دو ہیلی کاپٹر ہوئے حادثے کا شکار
آپ کو بتا دیں کہ گزشتہ ماہ اتراکھنڈ میں ہی دو مختلف مقامات پر ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوئے تھے۔ 17 مئی کو رشیکیش ایمس سے کیدارناتھ ہیلی پیڈ کی طرف آنے والی سنجیونی ہیلی ایمبولینس کی ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔ ہیلی کاپٹر میں دو ڈاکٹر بھی سوار تھے۔ حالانکہ، کوئی نقصان نہیں ہوا، ہیلی کاپٹر کے مسافر بالکل محفوظ رہے۔ ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر کے پچھلے حصے کو نقصان پہنچا تھا۔
اس سے پہلے 8 مئی کو اترکاشی ضلع میں مسافروں کو لے جا رہا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں تقریباً نصف درجن لوگ سوار تھے۔ ہیلی کاپٹر میں 5 سے 6 مسافر سوار تھے جن میں سے 2 افراد زخمی ہوئے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


