Bharat Express DD Free Dish

Building collapses in Chandni Chowk: دہلی کے چاندنی چوک میں زیرتعمیر تین منزلہ عمارت منہدم، دو افراد ہلاک، ملبے میں لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ

چاؤڑی بازار میٹرو اسٹیشن کے قریب گلی ستارہ میں پیش آیا حادثہ، فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیاں اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، عام آدمی پارٹی کے لیڈرسوربھ بھاردواج نے حفاظتی آڈٹ اور بدعنوانی پر اٹھائے سوالات۔ دہلی پولیس کے مطابق عمارت گرنے کے بعد ملبے میں کچھ لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا، جس کے بعد امدادی کارروائی شروع کردی گئی۔

نئی دہلی: دہلی کے چاندنی چوک علاقے میں جمعرات کی صبح ایک زیرِ تعمیر تین منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں دو افراد کی موت ہوگئی۔ یہ حادثہ چاؤڑی بازار میٹرو اسٹیشن کے قریب شیش محل کے گلی ستارہ علاقے میں پیش آیا۔ دہلی پولیس کے مطابق عمارت گرنے کے بعد ملبے میں کچھ لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا، جس کے بعد امدادی کارروائی شروع کردی گئی۔ فائر بریگیڈ کے مطابق عمارت منہدم ہونے کی اطلاع صبح تقریباً 9 بج کر 50 منٹ پر موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے حادثہ کے لیے روانہ کی گئیں۔ ابتدائی طور پر دو واٹر ٹینڈر، ایک واٹر باؤزر، ایک کوئک رسپانس وہیکل (کیو آر وی) اور ایک انسیڈنٹ رسپانس ٹیم (آئی آر ٹی) بھیجی گئی۔ بعد میں ایک اضافی واٹر ٹینڈر اور اسسٹنٹ ڈویژنل آفیسر راجیش شکلا کو بھی موقع پر روانہ کیا گیا۔

صبح ساڑھے دس بجے تک امدادی کارروائی جاری

فائر بریگیڈ کے اسٹیشن آفیسر ڈی کے رائے نے صبح تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر محکمہ کو بتایا کہ زیر تعمیر تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی ہے اور کچھ لوگوں کے اندر پھنسے ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید اہلکاروں اور ایک سینئر افسر کو موقع پر بھیجنے کی درخواست بھی کی۔ امدادی کارروائی میں اسسٹنٹ ڈویژنل آفیسر راجیش شکلا، اسٹیشن آفیسر بھوپیندر شرما اور اسٹیشن آفیسر ڈی کے رائے سمیت دیگر اہلکار شامل رہے۔

عینی شاہد نے بیان کیا حادثے کا منظر

حادثے کے ایک عینی شاہد محمد نعیم نے بتایا کہ عمارت صبح تقریباً 9 سے ساڑھے 9 بجے کے درمیان گری۔ ان کے مطابق لوگ اس وقت سو رہے تھے کہ اچانک عمارت گرنے کی زور دار آواز سنائی دی۔ وہ گھبرا کر گھروں سے باہر نکلے اور ابتدا میں انہیں لگا کہ شاید ان کا اپنا مکان منہدم ہوگیا ہے، لیکن باہر آکر معلوم ہوا کہ برابر میں زیر تعمیر عمارت گر گئی ہے۔ محمد نعیم کے مطابق عمارت میں تین سے چار چھتوں کی لنٹر ڈالی جاچکی تھی اور وہ سب ایک ساتھ منہدم ہوگئیں۔ ایک زخمی مزدور نے بتایا کہ وہاں تقریباً تین سے چار افراد موجود تھے۔ عینی شاہد نے کہا کہ انہوں نے ایک لاش کو باہر نکالتے ہوئے بھی دیکھا۔ ان کے مطابق عمارت گزشتہ تین سے چار ماہ سے زیر تعمیر تھی۔

سوربھ بھاردواج نے ریکھا گپتا حکومت پر اٹھائے سوالات

دریں اثنا عام آدمی پارٹی کے رہنما سوربھ بھاردواج نے عمارت منہدم ہونے کے واقعے پر دہلی کی ریکھا گپتا حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے عمارتوں کی حفاظتی جانچ اور سرکاری محکموں کی جانب سے قواعد پر عمل درآمد کے حوالے سے سوالات اٹھائے۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں سوربھ بھاردواج نے کہا کہ چاؤڑی بازار اور چاندنی چوک میں ایک اور تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی ہے اور کئی لوگوں کے ملبے میں دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب ریکھا گپتا حکومت اور میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) نے شہر کی عمارتوں کے متعدد حفاظتی آڈٹ کرائے ہیں تو اس کے باوجود عمارتیں کیوں گر رہی ہیں؟ انہوں نے الزام لگایا کہ مختلف سرکاری محکموں میں بدعنوانی کے باعث حفاظتی اقدامات مؤثر طریقے سے نافذ نہیں ہو رہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ رشوت نہ دینے والوں کی عمارتوں کو ایم سی ڈی سیل کردیتی ہے، جبکہ دیگر عمارتوں کے خلاف کارروائی میں امتیازی رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے فائر بریگیڈ اور ریونیو محکمے کے افسران پر بھی رشوت خوری کے الزامات عائد کیے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read