تریپورہ کو پیر کے روز ایک ’’مکمل طور پر خواندہ‘‘ ریاست قرار دیا گیا، جو گوا اور میزورم کے بعد یہ سنگ میل حاصل کرنے والی ملک کی تیسری ریاست بن گیا ہے۔ تریپورہ کے وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے یہ اعلان ULLAS پہل کے اعداد و شمار کی بنیاد پر کیا۔ انھوں نے اسے ریاست کے خواندگی کے سفر میں ایک تاریخی سنگ میل اور اس کے لوگوں کے لیے ایک قابل فخر لمحہ قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’میزورم اور گوا کے بعد تریپورہ مکمل خواندگی حاصل کرنے والی ملک کی تیسری ریاست بن گئی ہے۔ ریاست کی خواندگی کی شرح اب 95.6 فیصد ہے۔‘‘ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کے اصولوں کے مطابق، ایک ریاست یا مرکز کے زیر انتظام علاقہ کو ’’مکمل طور پر خواندہ‘‘ تب سمجھا جاتا ہے جب وہ 95 فیصد خواندگی کی شرح کو عبور کر لیتا ہے۔
تریپورہ کے وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ’’یہ کامیابی قومی تعلیمی پالیسی (NEP) 2020 کے مطابق نیو انڈیا لٹریسی پروگرام ULLAS کے موثر نفاذ کے ذریعے ممکن ہوئی ہے۔ میں اس تاریخی موقع پر تریپورہ کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘‘ واضح رہے کہ ULLAS مرکزی طور پر اسپانسر شدہ اسکیم ہے، جس کا مقصد 15 سال اور اس سے زیادہ عمر کے ایسے بالغوں کے درمیان زندگی بھر سیکھنے کی للک اور خواندگی کو فروغ دینا ہے، جو رسمی تعلیم سے محروم رہے۔ یہ پروگرام NEP 2020 کے مطابق انھیں بنیادی خواندگی، عددی اور ضروری زندگی کی مہارتوں سے بااختیار بنانے کی کوشش کرتا ہے۔
ساٹھ سالوں میں طے کیا ہے تریپورہ نے 20 فیصد خواندگی سے 95 فیصد سے زیاہ خواندگی کا سفر
تریپورہ کے خواندگی کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے کہا کہ ریاست نے کئی دہائیوں میں اس طرف نمایاں ترقی کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق 1961 میں ریاست میں خواندگی کی شرح محض 20.24% تھی۔ بہت سے چیلنجوں کے باوجود 2011 کی مردم شماری تک یہ بڑھ کر 87.22% ہو گئی، جس سے تریپورہ اس وقت کیرالہ اور میزورم کے بعد تیسری سب سے زیادہ خواندہ ریاست بن گئی۔ پھر شرح خواندگی 2023-24 میں مزید بڑھ کر 93.7% ہو گئی اور اب 2024-25 میں 95.6% تک جا پہنچی ہے۔
تریپورہ کے وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے اس پر بھی روشنی ڈالی کہ پہلے خواندگی کے پروگرام زیادہ تر بنیادی دستخطی مہارتیں سکھانے تک محدود تھے۔ تاہم حکومت اب اس نقطہ نظر سے آگے بڑھ گئی ہے اور سیکھنے والوں کو حقیقی زندگی کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے عملی خواندگی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
