Ramadan 2026: رمضان المبارک 2026 کا چاند ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں دیکھا گیا ہے۔ ہند و پاک سمیت دیگر ممالک میں 19 فروری 2026 یعنی جمعرات سے رمضان المبارک کا آغازہوگا۔ مختلف رویت ہلال کمیٹیوں نے چاند دیکھنے کی تصدیق کردی ہے۔ ماہ رمضان میں روزے رکھنا اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک ہے۔ رمضان اسلامی قمری کیلنڈر کا نواں مہینہ ہے اور مسلمانوں کے لیے بے حد اہمیت کا حامل ہے۔ اس مقدس مہینے میں مسلمان فجر سے مغرب تک روزہ رکھتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ وقت عبادت، تلاوت قرآن اور نیکی کے کاموں میں گزارتے ہیں۔ یہ مہینہ صبر، تقویٰ، خود احتسابی اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتا ہے۔ اسلامی عقیدے کے مطابق قرآن مجید اسی مہینے میں نازل ہوا، اسی لیے رمضان کو رحمت اور ہدایت کا مہینہ بھی کہا جاتا ہے۔ رمضان میں ہر بالغ اور صحت مند مسلمان پر روزہ فرض ہے، جبکہ مریض، مسافر اور دیگر معذور افراد کو شریعت کے مطابق رعایت دی گئی ہے۔ مسلمان اس بابرکت مہینے کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں اور اسے روحانی تربیت کا بہترین موقع سمجھتے ہیں۔
رویت کی تصدیق، پہلا روزہ کل

مرکزی دارالقضاء امارۃ شریعہ (بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ) کے قائم مقام قاضی شریعت نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق 18 فروری 2026 بروز بدھ بعد نماز مغرب مختلف مقامات سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، جن کی تصدیق کے بعد رمضان المبارک کا آغاز جمعرات 19 فروری 2026 سے ہوگا۔ ادارے کی جانب سے تمام مسلمانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 19 فروری کو پہلا روزہ رکھیں اور اس بابرکت مہینے کا اہتمام عبادت، روزہ، تراویح اور دیگر نیک اعمال کے ساتھ کریں۔


مرکزی جمعیۃ اہل حدیث ہند نے رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ تنظیم کی جانب سے جاری ریلیز کے مطابق 18 فروری 2026 کو ملک کے مختلف مقامات سے چاند نظر آنے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جمعرات 19 فروری 2026 کو پہلا روزہ رکھا جائے گا۔ تنظیم نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مقدس مہینے کی قدر کریں اور عبادات، روزہ، تلاوت قرآن اور دیگر نیک اعمال کا خصوصی اہتمام کریں۔

پڑوسی ملک نیپال سے مرکزی جمعیۃ اہل حدیث نیپال نے بھی ریلیز جاری کرکے اس بات کی خبر دی ہے کہ رمضان کا پہلا روزہ 19 فروری سے رکھا جائے گا۔ رمضان المبارک کے موقع پر جماعت نے تمام مسلمانوں اور عالم اسلام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا بھی کی ہے اللہ ہمارے صیام وقیام کو قبولیت سے نوازے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

