اتر پردیش کے دین دیال اُپادھیائے جنکشن میں ہفتہ کی رات اس وقت سنسنی پھیل گئی جب پٹنہ سے دہلی جانے والی 12309 تیجس راجدھانی ایکسپریس کے بارے میں بم رکھے جانے کی اطلاع موصول ہوئی۔ ٹرین رات تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر پلیٹ فارم نمبر چار پر پہنچی ہی تھی کہ ریلوے بورڈ کو ایک فون کال کے ذریعے ممکنہ دھماکے کی خبر دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی سیکورٹی نظام فوری طور پر الرٹ ہو گیا اور ٹرین کو روک کر پورے پلیٹ فارم پر سخت نگرانی شروع کر دی گئی۔
خبر ملتے ہی جی آر پی، آر پی ایف، مقامی پولیس، بم ناکارہ بنانے والا دستہ اور ڈاگ اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے۔ مسافروں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے سب سے پہلے ٹرین کو خالی کرایا گیا اور تمام مسافروں کو پلیٹ فارم پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ تقریباً 16 ڈبوں والی اس ٹرین کی باریک بینی سے تلاشی شروع کی گئی، جس میں بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ نے ہر کوچ کو الگ الگ جانچا۔ اسٹیشن احاطے اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بھی سیکیورٹی کا دائرہ مزید سخت کر دیا گیا۔ پولیس اہلکاروں نے ہر بیگ، نشست اور چھوڑے گئے سامان کی تفصیلی جانچ کی تاکہ کوئی بھی مشتبہ چیز نظر انداز نہ ہو۔
تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہنے والی اس گہری تلاشی کے بعد سیکورٹی ٹیموں نے راحت کی خبر دی۔ ٹرین سے کسی قسم کا دھماکہ خیز مواد یا مشتبہ شے برآمد نہیں ہوئی۔ جانچ کے مکمل ہونے تک احتیاطی تدابیر برقرار رکھی گئیں۔ بالآخر رات قریب 1 بج کر 15 منٹ پر تیجس راجدھانی ایکسپریس کو نئی دہلی کی جانب روانہ کر دیا گیا۔جھوٹی اطلاع کے باعث اگرچہ مسافروں میں خوف اور بے چینی کا ماحول پیدا ہو گیا تھا، قابل ذکر بات یہ ہے کہ سیکورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے صورتحال کو قابو میں رکھا گیا۔ ٹرین کے روانہ ہوتے ہی مسافروں نے سکون کی سانس لی اور آہستہ آہستہ اسٹیشن پر حالات معمول پر آ گئے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

