Urdu Conclave 2026

Talimi Mela Jamia Millia Islamia: ’شہرآرزو‘ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تعلیمی میلہ 2025 میں رونق، رنگ اور رس کا سنگم

میلے کا سب سے دلکش پہلو بین الاقوامی فوڈ فیسٹیول رہا، جہاں بھارتی کھانوں سے لے کر غیر ملکی ذائقوں تک ہر قسم کی لذت موجود تھی۔ طلبہ اور مہمانوں نے ذائقے، خوشبو اور دوستی کے لمحات کو جی بھر کے جیا۔

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے 105ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقد ہونے والا ’’تعلیمی میلہ 2025‘‘ دہلی کی علمی و ثقافتی فضا میں نئی روح پھونک گیا۔ غزلوں کی مٹھاس، شاعری کی گونج، شمال مشرقی ریاستوں کے رقص کی جھلک اور بین الاقوامی ذائقوں کی خوشبو سے پورا کیمپس جشن کے رنگوں میں ڈوب گیا۔

اتحاد کی دوڑ اور قومی جوش کا مظاہرہ

دن کا آغاز سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر ’’رن فار یونٹی‘‘ سے ہوا۔ وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف اور رجسٹرار پروفیسر مہتاب عالم رضوی کی قیادت میں سینکڑوں طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔ اس کے بعد پروفیسر زبیراحمد مینائی نے 500 سے زائد طلبہ و نمائندوں کو ’’اتحاد کا عہد‘‘ دلایا جس سے جامعہ کے عزم ملی اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ ہوا۔

محفل قرأت و نعت خوانی اور یادگاری خطبہ

روحانی فضا سے لبریز ’’محفل قرأت و نعت خوانی‘‘ اور پروفیسر محمد مجیب یادگاری خطبہ نے میلے کو معنوی بلندی بخشی۔ مولانا مفضل شاکر اور مولانا شبیر حسین بھوپال والا نے جامعہ کی تاریخی وراثت اور تعلیم و اصلاح معاشرہ میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی، جبکہ پروفیسر محمد اسلم پرویز نے اپنے خطاب ’’قرآن اور کائنات‘‘ میں فرمایا: ’’قرآن صرف کہنے کے لیے نہیں، بلکہ سوچنے اور عمل کرنے کا پیغام ہے۔‘‘ ایم۔اے۔ عربی کے طلبہ کی پیش کردہ نعتوں نے سامعین کے دلوں کو مسحور کر دیا۔

غزلوں اور شاعری کی شام

29 اکتوبر کی شام پدم شری استاد احمد حسین اور محمد حسین کی غزلوں نے سامعین کو محو حیرت میں ڈال دیا۔ اگلے دن منعقدہ ’’آل انڈیا مشاعرہ‘‘ میں لکشمی شنکر باجپئی، یش مالویہ، امن اکشر اور دیگر ممتاز شعرا نے محبت، مزاح اور سماجی شعور سے لبریز کلام پیش کر کے داد سمیٹی۔

شمال مشرقی بھارت کی ثقافتی جھلک

ایمفی تھیٹر میں ہونے والے رنگا رنگ رقص و موسیقی کے مظاہروں نے شمال مشرقی بھارت کی تہذیبی رنگا رنگی کو زندہ کر دیا۔ طلبہ نے روایتی لباس میں آسام کی قبائلی ثقافت، چائے کے باغات اور لوک ورثے کو رقص کے ذریعہ پیش کیا۔ تقریب میں بھُوپین ہزاریکا اور زوبین گرگ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

بین الاقوامی فوڈ فیسٹیول: ذائقے کا جشن

میلے کا سب سے دلکش پہلو رہا بین الاقوامی فوڈ فیسٹیول، جہاں بھارتی کھانوں سے لے کر غیر ملکی ذائقوں تک ہر قسم کی لذت موجود تھی۔ طلبہ اور مہمانوں نے ذائقے، خوشبو اور دوستی کے لمحات کو جی بھر کے جیا۔

وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف اور پروفیسر مہتاب عالم رضوی نے تعلیمی میلے کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’تعلیمی میلہ جامعہ کی فکری تازگی اور ثقافتی تنوع کا مظہر ہے۔ اس نے تعلیم، فن، خوراک اور مکالمے کے ذریعے اتحاد و ہم آہنگی کا حسین پیغام دیا ہے۔‘‘ ’’تعلیمی میلہ 2025‘‘ نے یہ ثابت کر دیا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ صرف ایک یونیورسٹی نہیں، بلکہ ثقافت، اتحاد اور علم کا جشن ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read