نئی دہلی: دہلی-این سی آر میں مسلسل بگڑتی ہوئی فضائی آلودگی کے معاملے پر سپریم کورٹ نے سنجیدہ رخ اختیار کرتے ہوئے، اس سے متعلق دائر عرضیوں کی سماعت کے لیے 17 دسمبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے واضح کیا ہے کہ اس بار ایسے مؤثر اور قابل نفاذ احکامات جاری کیے جائیں گے، جن پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔پیر کے روز چیف جسٹس سوریکانت، جسٹس جوئے مالیہ باگچی اور جسٹس وپل ایم پنچولی پر مشتمل بنچ نے اس معاملے کی ابتدائی سماعت کے دوران سینئر ایڈووکیٹ اپراجیتا سنگھ کی دلیلات پر غور کیا، جو اس کیس میں ایمکس کیوری (عدالت کی معاون) کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس سوریکانت نے کہا کہ بعض ہدایات ایسی ہوتی ہیں جنہیں زبردستی نافذ کیا جا سکتا ہے، لیکن یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ بڑے شہروں میں رہنے والے لوگ شدید آلودگی کے باوجود اپنی طرز زندگی میں تبدیلی لانے کو تیار نہیں ہوتے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے حالات میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے غریبوں کا کیا ہوگا؟ ایمکس کیوری اپراجیتا سنگھ نے عدالت کو بتایا کہ جب تک سپریم کورٹ کی جانب سے واضح ہدایات جاری نہیں ہوتیں، متعلقہ حکام پہلے سے موجود ضوابط پر بھی عمل نہیں کرتے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ بدھ کے روز تین ججوں پر مشتمل بنچ اس معاملے کی باقاعدہ سماعت کرے گا۔ بچوں کی صحت سے متعلق ایک درخواست کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ سابقہ احکامات کے باوجود اسکولوں میں اب بھی بیرونی کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔ اپراجیتا سنگھ نے کہا کہ عدالت کے احکامات کے باوجود اسکول انتظامیہ نے ان سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے راستے نکال لیے ہیں، جو تشویشناک ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت مسئلے کی سنگینی سے بخوبی واقف ہے اور ایسے احکامات صادر کیے جائیں گے، جن پر عمل ممکن ہو۔ انہوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ شہری طبقہ اپنی سہولتوں سے دستبردار نہیں ہونا چاہتا، لیکن آلودگی کا سب سے بڑا بوجھ غریب اور مزدور طبقے کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت نے اس مسئلے کے قلیل مدتی اور طویل مدتی حل تلاش کرنے کے لیے مہینے میں دو بار سماعت کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ پیر کے روز سماعت کے وقت دہلی شدید دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں تھی اور ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 498 تک پہنچ چکا تھا، جو ’انتہائی سنگین‘ زمرے میں آتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
