پی ایم مودی نے لی جے میونگ سے ملاقات کی۔
جوہانسبرگ: وزیراعظم نریندر مودی اور جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے ہفتہ کے روز جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں جاری جی20 سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ اس سال دونوں لیڈران کے درمیان دوسری ملاقات تھی۔
وزیراعظم مودی نے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’جوہانسبرگ جی20 سمٹ کے دوران جمہوریہ کوریا کے صدر لی جے میونگ سے نہایت مفید ملاقات ہوئی۔ یہ اس سال ہماری دوسری ملاقات ہے، جو خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری میں مضبوط رفتار کی علامت ہے۔ ہم نے اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔‘‘
دونوں لیڈران اس سے قبل جون میں کینیڈا کے کینانسکس میں جی7 سمٹ کے موقع پر ملے تھے۔ پہلی ملاقات کے بعد وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ بھارت اور جنوبی کوریا تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، گرین ہائیڈروجن، جہاز سازی سمیت دیگر شعبوں میں مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
18 جون کو وزارت خارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم مودی اور صدر لی نے بھارت۔جنوبی کوریا خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور تجارت و معیشت، اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ثقافت اور عوامی روابط سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس سال دونوں ممالک کے درمیان خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی 10ویں سالگرہ ہے۔ اس موقع پر صدر لی نے امید ظاہر کی تھی کہ باہمی تعلقات کو ہر شعبے میں نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ تقریباً 550 کوریائی کمپنیاں بھارت میں کام کر رہی ہیں اور اعلیٰ سطحی رابطوں اور ترجیحی شعبوں جیسے معیشت، جدید ٹیکنالوجی، دفاع، اسلحہ سازی اور ثقافت میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم مودی نے ہفتے کے روز جی20 اجلاس کے موقع پر برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، برازیل کے صدر لولا دا سلوا، اٹلی کی وزیراعظم جیورجیا میلونی اور دیگر عالمی لیڈران سے بھی ملاقات کی۔
اس کے علاوہ، وزیر اعظم مودی نے آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البنیز اور کینیڈا کے لیڈر مارک کارنی کے ساتھ ایک نئی سہ فریقی شراکت داری آسٹریلیا-کینیڈا-انڈیا ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن (ACITI) پارٹنرشپ کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


