نئی دہلی: ملک کے ممتازشاعراورسماجوادی پارٹی کے ایم ایل سی پروفسیروسیم بریلوی کی زندگی سے متعلق کتاب ”جہاں رہے گا وہیں روشنی لٹائے گا“ کا رسم اجرا عمل میں آیا۔ یہ تقریب انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرمیں ڈبلیو بی ایس فاؤنڈیشن کے زیراہتمام منعقد کی گئی تھی۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپریوپی کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادونے شرکت کی۔ ہندی کتاب کا اجرا اکھلیش یادوکے ہاتھوں کیا گیا جبکہ اردوکتاب کا اجرا اترپردیش کے سابق کارگزاراعلیٰ ڈاکٹرعمری رضوی کے دست مبارک سے ہوا۔
اس موقع پرسابق مرکزی وزیراورانڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے صدرسلمان خورشید، کانگریس ایم پی اورسپریم کورٹ کے سینئروکیل ایڈوکیٹ ابھیشیک منوسنگھوی، سابق چیئرمین قومی اقلیتی کمیشن وسابق رکن لاکمیشن آف انڈیا پروفیسرطاہرمحمود موجود رہے اورخطاب کیا۔ مقررین میں ممتازفکشن نگاراوردانشورسید محمد اشرف اورمعروف اسکالروناقد خلیل الرحمٰن ایڈوکیٹ نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت معروف ناظم مشاعرہ معین شاداب اورتپسیا شاداں نے کیا۔ کتاب کی رسم اجرا کے بعد مشاعرے کی نظامت کی مکمل ذمہ داری معین شاداب نے بخوبی نبھائی۔
اکھلیش یادو نے اردومخالفین کی سخت سرزنش
یوپی کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادونے اپنے خطاب کے دوران پروفیسروسیم بریلوی کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی زندگی اورشاعری سے متعلق کتاب ہندی میں آگئی ہے تواب آپ کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب لوگ اوربہت سے اراکین پارلیمنٹ آپ کی شاعری کے ذریعہ اپنی باتوں کومکمل کرتے ہیں، لیکن اب ہندی میں آنے کے بعد جہاں لوگوں کومزید فائدہ ہوگا۔ وہیں آپ کی شاعری اب مزید اونچائی تک جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہت سے لیڈران کی باتیں آپ کی شاعری کے بغیرمکمل نہیں ہوتی ہے۔ اکھلیش یادونے کہا کہ جولوگ اردوکے خلاف ہیں، وہی لوگ ہندوستانی کے خلاف ہیں۔ انہوں نے اردومخالفین پربڑا حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جولوگ اردوکی مخالفت کرتے ہیں، وہ بھی اردومیں ہی مخالفت کرتے ہیں۔ اردو کی مخالفت کرنے والے ہندوستانیت کے خلاف ہیں۔
سلمان خورشید اور ابھیشیک منو سنگھوی نے اکھلیش یادو کے لئے کہی بڑی بات
خطاب کرتے ہوئے ابھیشیک منوسنگھوی نے اکھلیش یادوکوسابق وزیراعلیٰ کے ساتھ ساتھ آئندہ وزیراعلیٰ بھی قراردیا۔ اس بات کی سلمان خورشید نے بھی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں لوگ کی رائے ایک جیسی ہے، کہیں ہماری رائے کوالگ نہ سمجھا جائے۔ اس کے بعد اکھلیش یادو نے اپنے خطاب میں کانگریس کے دونوں سینئرلیڈران کا شکریہ ادا کیا۔ سلمان خورشید اور ابھیشیک منوسنگھوی نے پروفیسروسیم بریلوی کی شاعری اورادب نوازی کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور ان کی محفل میں موجودگی کو اپنے لئے باعث شرف قراردیا۔ پروفیسروسیم بریلوی نے اپنے خطاب میں اکھلیش یادوسمیت سبھی اہم شخصیات کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سبھی کا تشریف لانا مجھ پرہی نہیں تمام اردووالوں پربھی بڑا احسان ہے۔ انہوں نے سبھی کا شکریہ ادا کیا اور اس تقریب کے لئے ڈبلیو بی ایس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


