نئی دہلی: مودی حکومت قومی گیت وندے ماترم کو قومی ترانے کے مساوی احترام دلانے کے لیے ایک باقاعدہ پروٹوکول تیار کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس مقصد کے لیے وزارت داخلہ کی جانب سے رواں ماہ کے آغاز میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں قومی گیت کے لیے واضح قواعد و ضوابط بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ آئین ہند کے مطابق قومی ترانہ اور قومی گیت دونوں کو یکساں احترام حاصل ہے، قابل ذکر بات یہ ہے کہ قانونی اور لازمی پروٹوکول کے معاملے میں دونوں کے درمیان نمایاں فرق موجود ہے۔ قومی ترانے کے دوران کھڑا ہونا لازمی ہے اور اس کی بے حرمتی پر قومی احترام کی بے حرمتی سے متعلق قانون 1971 کے تحت سزا کا بھی التزام ہے، جب کہ قومی گیت وندے ماترم کے لیے اس نوعیت کا کوئی تحریری یا قانونی حکم فی الحال موجود نہیں۔
ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کی میٹنگ میں اس بات پر غور کیا گیا کہ وندے ماترم کے گانے کے وقت، مقام اور طریقۂ کار سے متعلق واضح ہدایات جاری کی جائیں۔ اس کے ساتھ یہ سوال بھی زیربحث آیا کہ کیا قومی گیت کے دوران بھی قومی ترانے کی طرح کھڑا ہونا لازمی قرار دیا جائے اور کیا اس کی توہین پر جرمانہ یا قانونی کارروائی کا کوئی بندوبست ہونا چاہیے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب مرکزی حکومت وندے ماترم کے حوالے سے سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منعقد کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ماضی میں تساہل پسند سیاست کے تحت قومی گیت کی اہمیت کو کمزور کیا۔وندے ماترم سے متعلق تنازع کی جڑیں آزادی سے قبل کے دور تک جاتی ہیں۔ 1937 کے کانگریس اجلاس میں وندے ماترم کے چند اشعار کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جسے لے کر بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ اسی پالیسی نے بعد میں تقسیمِ ہند کی بنیاد رکھی۔ دوسری جانب کانگریس کا کہنا ہے کہ بی جے پی تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہی ہے۔
گزشتہ چند برسوں میں عدالتوں میں متعدد درخواستیں دائر کی جا چکی ہیں، جن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وندے ماترم کے لیے بھی قومی ترانے جیسا ہی فریم ورک تیار کیا جائے۔ مرکزی حکومت نے 2022 میں سپریم کورٹ کو آگاہ کیا تھا کہ اب تک قومی گیت کے لیے کسی قسم کے تعزیری ضوابط نافذ نہیں کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ بنکم چندر چٹرجی کی تخلیق وندے ماترم آزادی کی تحریک، خصوصاً سودیشی تحریک کے دوران، آزادی کا سب سے طاقتور نعرہ بن کر ابھرا تھا۔ موجودہ حکومت اسے دوبارہ اسی تاریخی اور وقار بھرے مقام پر فائز کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


