Bharat Express DD Free Dish

Russia Targets Ukrainian Military Facilities: روس کا دعویٰ: یوکرین کے توانائی اور فوجی ٹھکانوں کو بنایا نشانہ، ڈرون پرودکشن اور آپریشنل سینٹرس پر بھی حملے

وزارت کے مطابق، روسی فضائی دفاعی نظام نے پانچ گائیڈڈ فضائی بم، امریکہ کے تیار کردہ ہیمارس ملٹی پل لانچ راکٹ سسٹم کے ایک راکٹ اور 1601 فکسڈ ونگ ڈرونز کو بھی مار گرایا۔

ماسکو: روس نے ہفتہ کے روز دعویٰ کیا کہ اس کی فوج نے یوکرین کے توانائی، ایندھن اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ فوجی ہوائی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق، اس کی فوج نے یوکرین میں ڈرون تیار کرنے اور انہیں آپریٹ کرنے والے مراکز پر بھی حملے کیے ہیں۔

156 مقامات پر حملوں کا دعویٰ

روسی وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری ایک بیان میں کہا کہ روسی ا سٹریٹجک طیاروں، حملہ آور ڈرونز، میزائل فورسز اور توپ خانے نے 156 مختلف مقامات پر موجود اہداف کو نشانہ بنایا۔ وزارت کے مطابق، روسی فضائی دفاعی نظام نے پانچ گائیڈڈ فضائی بم، امریکہ کے تیار کردہ ہیمارس ملٹی پل لانچ راکٹ سسٹم کے ایک راکٹ اور 1601 فکسڈ ونگ ڈرونز کو بھی مار گرایا۔

یوکرین نے بحیرہ اسود میں جنگ بندی کی تجویز پیش کی

ژنہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یوکرین کے وزیر خارجہ اینڈری سِبیہا نے جمعہ کے روز کہا کہ کیف نے بحیرہ اسود میں ممکنہ جنگ بندی کی شرائط سے متعلق اپنے شراکت دار ممالک کو تجاویز بھیج دی ہیں اور اب روس کے جواب کا انتظار کیا جارہا ہے۔

یوکرین میں غذائی تحفظ کے موضوع پر منعقدہ پانچویں بین الاقوامی اعلیٰ سطحی کانفرنس ’فوڈ فرام یوکرین‘ سے خطاب کرتے ہوئے سِبیہا نے کہا، ’’ہم جنگ بندی کے لیے تیار ہیں۔ اب ہم روس کے جواب کا انتظار کررہے ہیں۔ ہماری تمام تجاویز بھیجی جاچکی ہیں۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ یوکرین کی تجاویز میں بحیرہ اسود میں جہاز رانی کی مکمل آزادی بحال کرنا اور زرعی مصنوعات کی برآمدات بلا رکاوٹ جاری رکھنا شامل ہے۔ سِبیہا نے کہا کہ روس چاہتا ہے کہ مجوزہ جنگ بندی معاہدے میں تیل کی برآمدات سے متعلق دفعات بھی شامل کی جائیں۔

جوہری آبدوز ’پرم‘ روسی بحرالکاہل بیڑے میں شامل ہوگی

دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ جوہری توانائی سے چلنے والی نئی آبدوز ’پرم‘ کو روس کے بحرالکاہل بیڑے میں شامل کیا جائے گا اور اسے فعال فوجی ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا۔ روس کے شمال مغربی علاقے میں واقع اہم جہاز سازی کے مرکز سیوماش شپ یارڈ میں منعقدہ تقریب کے دوران پوتن نے یہ اعلان کیا۔ اس موقع پر آبدوز ’پرم‘ پر روسی بحریہ کا پرچم لہرایا گیا۔

پوتن نے بتایا کہ گزشتہ چھ برسوں کے دوران روسی بحریہ کے حوالے کی جانے والی یہ یاسین-ایم کلاس کی پانچویں جوہری آبدوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جو اس طرح کی جدید ترین جوہری آبدوزیں تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ہائپرسونک میزائلوں سے لیس ہے آبدوز

کریملن کے مطابق، ’پرم‘ چوتھی نسل کی کثیر المقاصد جوہری آبدوز ہے اور یہ روسی بحریہ کی پہلی ایسی آبدوز ہے، جس میں معیاری ہتھیار کے طور پر زیرکون ہائپرسونک کروز میزائل نصب کیے گئے ہیں۔ ’یاسین-ایم‘ کلاس کی آبدوزوں کو اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ وہ دنیا کے مختلف سمندری علاقوں میں دشمن کی نظروں سے بچ کر کارروائیاں کرسکیں۔ پوتن نے کہا کہ مستقبل قریب میں ’پرم‘ روس کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے بحرالکاہل کے بیڑے کا حصہ بن جائے گی۔

2030 تک پانچ میزائل بردار آبدوزیں بحریہ کے حوالے کرنے کا منصوبہ

روسی صدر نے کہا کہ ان کا ملک اپنی بحریہ، خاص طور پر آبدوزوں کے بیڑے کو وسعت دینے اور جدید بنانے کا عمل جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق، سیوماش شپ یارڈ میں کئی اقسام کی جوہری آبدوزوں کی تیاری جاری ہے اور 2030 تک پانچ میزائل بردار آبدوزیں بحریہ کے حوالے کرنے کا منصوبہ ہے، جن میں یاسین-ایم کلاس کی تین آبدوزیں شامل ہوں گی۔

پوتن نے کہا کہ جہاز سازی کو فروغ دینے اور ہتھیاروں کے نظام کو جدید بنانے کے لیے اٹھائے جارہے اقدامات سے جہاز سازی اور دفاعی صنعتوں کو مستحکم رکھنے، نئی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے اور روس کی دفاعی صلاحیت و تکنیکی خود انحصاری کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read