نئی دہلی: عظیم بھارتی پلے بیک گلوکار محمد رفیع کی یاد میں ہارمونی ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے ’’یاد رفیع‘‘ کے عنوان سے ایک شاندار موسیقی پروگرام کا انعقاد انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر، لودھی روڈ نئی دہلی میں کیا گیا۔ اس باوقار تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور موسیقی کے ذریعے محمد رفیع کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پروگرام کی صدارت ڈاکٹر مشتاق انصاری، چیئرمین فیس گروپ نے کی، جبکہ دہلی پولیس کے ایڈیشنل کمشنر راجندر سنگھ ساگر مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کی صدر شبانہ عظیم اور فیس گروپ کے منیجر ڈاکٹر بلال انصاری نے مہمانوں کا استقبال کیا اور پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
تقریب میں متعدد اہم شخصیات شریک رہیں جن میں چودھری زبیر احمد، سینئر ایڈووکیٹ محمود پراچہ، تہاڑ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈی ایس موریہ، ایف ایم ایس انفراٹیک کے سی ایم ڈی ڈاکٹر ساجد احمد، کانگریس لیڈر سید شاکر علی، نیشنل کانگریس ترجمان ریتو چودھری، دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ذاکر خان اور کرشنا نگر ضلع کانگریس انچارج نفیس ملک شامل تھے۔ اس یادگار شام کو مزید دلکش بنانے میں بالی ووڈ کی معروف گلوکاراؤں ریکھا راج اور اروشی اروڑا نے اپنی سریلی آواز سے سامعین کو محظوظ کیا۔ فنکاروں نے محمد رفیع کے مشہور گیت پیش کیے، جس سے حاضرین پر جذباتی کیفیت طاری ہوگئی اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
تقریب کے دوران سماجی، تعلیمی اور میڈیا کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ’’نیشنل ہارمونی یونٹی ایوارڈ 2026‘‘ سے بھی نوازا گیا۔ اسی سلسلے میں سینئر میڈیا پروفیشنل شفیق الحسن کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اس باوقار اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ شفیق الحسن کو میڈیا، اشتہارات اور مواصلات کے شعبے میں تقریباً چالیس برس کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے کم عمری میں اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کیا اور بعد ازاں ایک کامیاب ایڈورٹائزنگ ایجنسی قائم کی، جس کے ذریعے انہوں نے کئی قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کام کیا۔ ان کی خدمات کو میڈیا حلقوں میں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔
اردو صحافت کے فروغ میں بھی شفیق الحسن کا کردار نمایاں رہا ہے۔ گزشتہ آٹھ برسوں سے وہ روزانہ مستند خبروں پر مبنی نیوز کلپنگس بلا تعطل شیئر کر رہے ہیں، جو فیک نیوز کے خلاف ایک مؤثر اقدام سمجھا جاتا ہے۔ یہ خدمت وہ بلا معاوضہ انجام دے رہے ہیں، جس کا مقصد عوام میں بیداری پیدا کرنا اور درست معلومات فراہم کرنا ہے۔ تقریب کے اختتام پر مقررین نے شفیق الحسن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں نیشنل ہارمونی یونٹی ایوارڈ 2026 سے نوازنا دراصل ان کی انتھک محنت، صحافتی دیانت داری اور سماجی خدمت کا اعتراف ہے۔ حاضرین نے اس موقع پر ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

