ریلائنس فاؤنڈیشن نے تعلیمی سال 2025-26 کے لیے اپنی سالانہ اسکالرشپ اسکیم کے تحت 5100 طلبہ کو مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اسکالرشپ پروگرام کے تحت انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کو ان کی تعلیمی قابلیت اور مالی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرانٹ دی جائے گی۔ اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 4 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے اور اس کے لیے صرف وہی طلبہ اہل ہوں گے جو انڈرگریجویٹ یا پوسٹ گریجویٹ کے پہلے سال میں باقاعدہ داخلہ لیے ہوئے ہوں۔
اس پروگرام کے تحت انڈرگریجویٹ طلبہ کے لیے 2 لاکھ روپے تک کی اسکالرشپ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے 6 لاکھ روپے تک کی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ پوسٹ گریجویٹ اسکالرشپ خاص طور پر انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، توانائی اور لائف سائنسز جیسے اہم شعبوں کے 100 ذہین ترین طلبہ کو دی جائے گی، تاکہ وہ قومی و عالمی سطح پر اہم تحقیقی کاموں میں حصہ لے سکیں۔
نیتا امبانی کا وعدہ: 10 سال میں 50,000 اسکالرشپس
ریلائنس فاؤنڈیشن کا یہ اسکالرشپ پروگرام صرف مالی امداد تک محدود نہیں، بلکہ اس کا مقصد ایسے نوجوانوں کی تیاری ہے جو سماجی، ماحولیاتی اور ڈیجیٹل ترقی کے میدان میں قائدانہ کردار ادا کر سکیں۔ واضح رہے کہ ریلائنس فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن نیتا امبانی نے 2022 میں دھیرو بھائی امبانی کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ اگلے 10 برسوں میں 50,000 اسکالرشپس دی جائیں گی۔
لہٰذا اس پروگرام کے تحت ریلائنس گزشتہ 29 برسوں سے ہونہار طلبہ کی مدد کر رہا ہے اور اب تک 28,000 سے زائد طلبا مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ ان میں سے بیشتر آج اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں کامیاب ہیں اور ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
درخواست کیسے دیں؟
طلبہ اس اسکالرشپ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے اور درخواست دینے کے لیے ریلائنس فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ scholarships.reliancefoundation.org پر جا سکتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



