نئی دہلی: نیشنل ووٹرس ڈے کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ 18 برس کی عمر مکمل کرتے ہی ووٹر کے طور پر اپنا اندراج کرائیں۔ سال کے پہلے اور مجموعی طور پر 130ویں ’من کی بات‘ پروگرام میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بھارت کے 77ویں یوم جمہوریہ کی بھی شام ہے۔ انہوں نے کہا: ’’26 جنوری وہ دن ہے جب ہمارے آئین کا نفاذ ہوا۔ یہ دن ہمیں آئین کے معماروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا کہ آج قومی یومِ رائے دہندگان بھی ہے، جو جمہوریت میں ووٹر کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ووٹر جمہوریت کی روح ہے۔ جب کوئی نوجوان پہلی بار ووٹر بنتا ہے تو پورے محلے، گاؤں یا شہر کو مل کر اسے مبارکباد دینی چاہیے اور مٹھائیاں تقسیم کرنی چاہئیں۔ اس سے لوگوں میں ووٹنگ کے تئیں بیداری بڑھے گی۔‘‘
نوجوانوں سے خصوصی اپیل
وزیراعظم مودی نے انتخابی عمل سے وابستہ افراد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا: ’’میں ان تمام لوگوں کی تعریف کرنا چاہتا ہوں جو ملک میں انتخابی عمل سے جڑے ہوئے ہیں اور نچلی سطح پر کام کر کے ہماری جمہوریت کو زندہ رکھتے ہیں۔‘‘ نوجوانوں کو ووٹنگ کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا: ’’میں ایک بار پھر اپنے نوجوان دوستوں سے اپیل کرتا ہوں کہ جیسے ہی آپ 18 برس کے ہوں، ووٹر کے طور پر اپنا رجسٹریشن ضرور کرائیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ آئین ہر شہری سے جس فرض شناسی کی توقع کرتا ہے، وہ اسی طرح پوری ہوگی اور اس سے بھارت کی جمہوریت مزید مضبوط ہوگی۔
ایکس پر وزیراعظم کا پیغام
وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی نیشنل ووٹرس ڈے کے موقع پر پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ملک کی جمہوری اقدار پر اعتماد کو مزید مضبوط کرنے کا موقع ہے۔ وزیر اعظم نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا: ’’نیشنل ووٹرس ڈے کی مبارکباد۔ ووٹر ہونا صرف ایک آئینی حق نہیں بلکہ ایک اہم ذمہ داری بھی ہے، جو ہر شہری کو بھارت کے مستقبل کی تشکیل میں آواز دیتا ہے۔ آئیے، جمہوری عمل میں حصہ لے کر ایک ترقی یافتہ بھارت کی بنیادوں کو مضبوط کریں۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


