راجیو پرتاپ روڈی نے کانسٹی ٹیوشن الیکشن میں سنجیو بالیان کو ہرا دیا۔ (فائل فوٹو)
نئی دہلی: دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا (سی سی آئی) کے الیکشن کے نتائج سامنے آگئے ہیں۔ الیکشن میں بی جے پی لیڈر راجیو پرتاپ روڈی نے بی جے پی کے سابق وزیر اور سابق رکن پارلیمنٹ سنجیوبالیان کو ہرا دیا ہے۔ الیکشن میں راجیوپرتاپ روڈی کو 463 ووٹ ملے جبکہ بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ سنجیو بالیان کو 280 ووٹ ملے۔ الیکشن میں کل 743 ووٹ پڑے تھے۔ خاص بات یہ تھی کہ دونوں امیدواروں کا تعلق بی جے پی سے ہے۔
اس الیکشن میں وزیرداخلہ امت شاہ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، ڈاکٹر ہرش وردھن سنگھ کے علاوہ کانگریس صدرملیکا ارجن کھڑگے، سونیا گاندھی، راجیو شکلا، ڈاکٹر شکیل احمد، ٹی ایم سی لیڈرشتروگھن سنہا کے علاوہ کئی سیاسی پارٹیوں کے لیڈران نے بھی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ قابل ذکرہے کہ راجیوپرتاپ روڈی کئی الیکشن میں بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے۔ لیکن لوک سبھا رکن نشی کانت دوبے جیسے کچھ بی جے پی لیڈران کی حمایت کے بعد سنجیو بالیان نے راجیو پرتاپ روڈی کو چیلنج دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ حالانکہ انہیں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔
دونوں امیدواروں کا تعلق بی جے پی سے
واضح رہے کہ کانسٹی ٹیوشن کلب کے 11 ایگزیکٹیو اراکین کے عہدے کے لئے 14 اراکین میدان میں تھے۔ راجیو پرتاپ روڈی اور سنجیو بالیان دونوں سابق مرکزی وزرا ہیں۔ دونوں بھلے ہی ایک ہی پارٹی سے ہیں، لیکن وہ الگ الگ سماجی ماحول سے آئے ہیں۔ لوک سبھا اسپیکر اس کلب کے اعزازی صدر ہوتے ہیں، لیکن کلب کے تمام کام کاج میں سکریٹری کا کردار اہم ہوتا ہے۔
کیا ہے کانسٹی ٹیوشن کلب؟
کانسٹی ٹیوشن کلب کی بنیاد 1947 میں رکھی گئی تھی۔ یہ ممبران پارلیمنٹ اورسابق ممبران پارلیمنٹ کے لیے ایک سماجی اورسیاسی فورم ہے، جوبات چیت اورنیٹ ورکنگ کے لیے جانا جاتا ہے۔ اس کا خاص مقصد ہندوستانی دستورسازاسمبلی کے ممبران کے درمیان باہمی روابط کو بڑھانا اورکلب کی زندگی کے لیے سہولیات فراہم کرنا تھا۔ اس کا انتظام ایک منتخب کونسل کے ذریعہ کیا جاتا ہے، جس میں لوک سبھا اسپیکربطورسابق چیئرمین ہوتا ہے۔ آزادی کے بعد اسے ممبران پارلیمنٹ کے کلب کے طورپرتسلیم کیا گیا۔ تاہم، اس کا باقاعدہ افتتاح صدرڈاکٹرسرو پلی رادھا کرشنن نے سال 1965 میں کیا تھا۔ اس وقت تقریباً 1300 سابق اورموجودہ ممبران پارلیمنٹ اس کے ممبر ہیں۔ ان میں وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ، وزیردفاع راج ناتھ سنگھ، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈرسونیا گاندھی، کانگریس صدر ملیکا ارجن کھڑگے وغیرہ شامل ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



