نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو گجرات اور مہاراشٹر کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ گجرات کے وڈودرا میں 35 ہزار کروڑ روپے سے زائد کی لاگت والے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور کئی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد وہ شام کو ممبئی میں گلوبل فن ٹیک فیسٹ (GFF) 2026 کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم مودی منگل کو دوپہر تقریباً 12 بجے وڈودرا پہنچیں گے۔ وہ ویسٹرن ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور (WDFC) کے تین اہم حصے قوم کے نام وقف کریں گے۔ ان کی مجموعی لمبائی 326 کلومیٹر ہے اور انہیں 20,700 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ ان میں سانند (شمال)-مکرپورہ، نیو امبرگاؤں-نیو سفالے اور نیو سفالے-جے این پی ٹی سیکشن شامل ہیں۔ جواہر لال نہرو پورٹ اتھارٹی (JNPA) سے براہ راست رابطے کے باعث کارگو کی نقل و حرکت تیز ہوگی، صنعتی مراکز اور بندرگاہوں کے درمیان رابطہ مضبوط ہوگا، لاجسٹکس کی لاگت کم ہوگی اور ممبئی کے ریلوے نیٹ ورک پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور کے تین اہم حصے ہوں گے فعال
ان حصوں کے شروع ہونے کے ساتھ ہی ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور (DFC) نیٹ ورک اپنی پوری لمبائی میں مکمل طور پر فعال ہوجائے گا۔ یہ مخصوص مال بردار بنیادی ڈھانچہ کثیر جہتی رابطے کو بہتر بنانے، ٹرانزٹ ٹائم کم کرنے اور مختلف علاقوں میں سامان کی آسان نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے ذریعے ملک کے لاجسٹکس نظام کو مزید مضبوط کرے گا۔ وزیر اعظم مودی نیو سانند (شمال)، نیو مکرپورہ، نیو امبرگاؤں اور نیو جے این پی ٹی سے مال بردار ٹرین خدمات کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ اس کے علاوہ وہ وڈودرا اور ٹانڈا روڈ کے درمیان نئی ٹرین سروس کو بھی ہری جھنڈی دکھائیں گے، جس سے وڈودرا، چھوٹا ادے پور اور علی راج پور اضلاع کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ پی ایم مودی چھوٹا ادے پور-دھار پروجیکٹ کے تحت تعمیر کی گئی جو باٹ-ٹانڈا روڈ نئی ریلوے لائن کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔ یہ نئی ریلوے لائن علی راج پور کے دور دراز اور قبائلی علاقوں کو قومی ریلوے نیٹ ورک سے جوڑے گی۔
329 کلومیٹر طویل تین ریلوے منصوبوں کا سنگ بنیاد
وزیر اعظم منگل کو 329 کلومیٹر طویل اور 9,700 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت والی تین ریلوے پروجیکٹس کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ ان میں وڈودرا-رتلام تیسری اور چوتھی ریلوے لائن، میاگام کرجن-چورندا-ملسر گیج کنورژن اور وشوامتری-دبھائی ڈبلنگ پروجیکٹ شامل ہیں۔ ان منصوبوں سے مسافر اور مال برداری کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور گجرات و مدھیہ پردیش کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔ پی ایم مودی تقریباً 1,780 کروڑ روپے کی لاگت والی تین قومی شاہراہوں کے منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے علاوہ وہ این ایچ-48 کے وڈودرا-سورت سیکشن پر سڑک کی حفاظت بہتر بنانے اور ٹریفک سے متعلق مسائل دور کرنے کے لیے کنداری چوکڑی اور لُوارا پاٹیا میں چھ لین والے فلائی اوور کا افتتاح کریں گے۔ وہیں وزیر اعظم گجرات حکومت کے تقریباً 2,600 کروڑ روپے کی لاگت والے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ان کا افتتاح بھی کریں گے۔
ممبئی میں گلوبل فن ٹیک فیسٹ 2026 کا افتتاح
وزیر اعظم مودی منگل کی شام تقریباً 5:45 بجے ممبئی میں گلوبل فن ٹیک فیسٹ (GFF) 2026 کا افتتاح کریں گے۔ گلوبل فن ٹیک فیسٹ کا ساتواں ایڈیشن 8 سے 11 ستمبر تک ممبئی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ 2020 سے GFF ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا ہے، جہاں پالیسی ساز، ریگولیٹرز، مرکزی بینک، مالیاتی ادارے، فن ٹیک کمپنیاں، ٹیکنالوجی کمپنیاں، سرمایہ کار، ماہرین تعلیم اور دیگر عالمی فریق مالیات کے مستقبل کو تشکیل دینے کے حوالے سے غور و خوض کے لیے ایک ساتھ آتے ہیں۔ GFF 2026 کو پالیسی، ضابطہ، ٹیکنالوجی، سرمایہ اور صنعت کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگیوں اور مالیاتی شمولیت کے شعبے میں بھارت کی قیادت کو مزید مضبوط کرنا اور امکانات کو حقیقی اثرات میں تبدیل کرنا ہے۔ فیسٹ میں ہونے والی گفتگو میں اس بات پر توجہ مرکوز کی جائے گی کہ ایجنٹک اے آئی، پروگرام ایبل فنانس، کوانٹم ٹیکنالوجی اور دیگر اہم و ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز عالمی سطح پر شہریوں، کاروباری اداروں اور معیشتوں کے لیے قابل اعتماد، جامع اور قابل پیمائش نتائج پیدا کرنے میں کس طرح مدد کرسکتی ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


