Bharat Express DD Free Dish

PM Modi to Address the Nation on Birsa Munda’s Birth Anniversary: وزیر اعظم مودی15 نومبر کو فریڈم فائٹر برسا منڈا کی جینتی پر ملک سے کریں گے خطاب

2022 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے آبائی گاؤں الیہاتو کا دورہ کیا تھا۔ 2023 میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی اس قبائلی ہیرو کی جائے پیدائش کا دورہ کیا، جسے قومی سطح پر ان کی وراثت کے اعتراف کے طور پر دیکھا گیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی 15 نومبر کو فریڈم فائٹر برسا منڈا کی جینتی کے موقع پر ملک کے عوام سے ورچوئل خطاب کریں گے۔ برسا منڈا کی جینتی کو ملک بھر میں ’جن جاتیہ گورو دیوس‘ (قبائلی فخر کا دن) کے طور پر منایا جاتا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اس قبائلی مجاہد آزادی کی جینتی کے موقع پر 11 سے 18 نومبر تک ملک بھر میں ہفتہ بھر جاری رہنے والے مختلف پروگراموں کا انعقاد کرے گی۔ ان پروگراموں کے ذریعے ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد اور ملک کی تعمیر میں قبائلی برادریوں کے تعاون کو اجاگر کیا جائے گا۔ یہ تقریبات بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین کی رہنمائی میں منعقد کی جا رہی ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے ان پروگراموں میں قبائلی برادریوں کی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں اور ان کی ہمہ جہت ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو پیش کیا جائے گا۔

برطانوی حکومت کے خلاف قبائلیوں کو متحد کیا تھا

برسا منڈا کی پیدائش 15 نومبر 1875 کو جھارکھنڈ کے کھونٹی ضلع کے الیہاتو گاؤں میں ہوئی تھی۔ برطانوی دور حکومت میں قبائلی برادریوں کو استحصال، زمینوں پر قبضے اور مختلف طرح کے مظالم کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایسے حالات میں برسا منڈا ایک اہم نوجوان رہنما کے طور پر ابھرے۔ انہوں نے برطانوی حکومت کے خلاف قبائلیوں کو متحد کیا اور ان کی زمین، مذہب اور ثقافتی شناخت کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی۔ ’دھرتی آبا‘ کے نام سے مشہور برسا منڈا قبائلی مزاحمت اور فخر کی علامت بن گئے۔ کم عمری کے باوجود انہوں نے برطانوی مظالم کے خلاف ایک طاقتور تحریک کی قیادت کی اور ’ابوا دِشُم، ابوا راج‘ کا نعرہ دیا، جس کا مطلب ہے ’ہماری زمین، ہماری حکومت‘۔ انہوں نے شراب نوشی جیسی سماجی برائیوں کے خلاف بھی مہم چلائی اور قبائلی برادریوں سے اپنی مذہبی اور ثقافتی روایات کے تحفظ کی اپیل کی۔ 9 جون 1900 کو محض 25 سال کی عمر میں رانچی جیل میں ان کا انتقال ہوگیا۔

قبائلیوں کے زمینی حقوق کے تحفظ میں اہم کردار

برسا منڈا کی جدوجہد نے 1908 میں ’چھوٹا ناگپور کاشتکاری قانون‘ (چھوٹا ناگپور ٹیننسی ایکٹ) کے نفاذ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ اس قانون کے ذریعے قبائلیوں کے زمین سے متعلق حقوق کو تحفظ فراہم کیا گیا اور ان کی زمین غیر قبائلی افراد کو منتقل کرنے پر پابندی عائد کی گئی۔ بی جے پی نے کئی دیگر قبائلی مجاہدین آزادی کی خدمات کو بھی اجاگر کیا ہے، جنہوں نے 1857 کی بغاوت سے بھی پہلے برطانوی حکومت کے خلاف جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ بتا دیں کہ2022 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے آبائی گاؤں الیہاتو کا دورہ کیا تھا۔ 2023 میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی اس قبائلی ہیرو کی جائے پیدائش کا دورہ کیا، جسے قومی سطح پر ان کی وراثت کے اعتراف کے طور پر دیکھا گیا۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read