ہیرا بین کی موت پر جذباتی ہوئےمنور رانا
Munawwar Rana’s statement on Heeraben Modi: مشہور شاعر منور رانا نے وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ہیرا بین کا جمعہ کو 100 سال کی عمر میں انتقال ہو گیاتھا۔ وہ احمد آباد کے ایک اسپتال میں داخل تھیں۔ منور رانا ان کی موت پر جذباتی ہو گئے اور کہا کہ آج پھر میری والدہ انتقال کر گئیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی کی ماں چلی جاتی ہے تو لگتا ہے میری ماں چلی گئی ہے۔
آج پھر میری والدہ انتقال کر گئیں – منور رانا
منور رانا نے کہا کہ ماں کا اس دنیا سے جانا سب سے بڑا دکھ ہے۔ مشہور شاعر نے کہا کہ اب پی ایم مودی کو قدم قدم پر محتاط ہوکر چلنا پڑے گا۔ کیونکہ اب ان کی ماں جو ہمیشہ ان کے لیے دعا کرتی تھیں اس دنیا میں نہیں ہیں۔ پی ایم مودی کی والدہ کے انتقال کے بعد منور رانا کافی جذباتی ہو گئے۔ منور رانا نے کہا کہ ہم جیسے نظریات کے حامل لوگ یہ نہیں کہہ سکتے کہ مودی جی کی ماں نہیں رہیں ہاں ہم شاعرانہ زبان میں یہ ضرورکہہ سکتے ہیں کہ آج پھر میری ماں کا انتقال ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں ماں ہوتی ہے۔
ہیرا با کی موت پر تعزیت کرتے ہوئے، پی ایم مودی نے ٹویٹ کیا، “ایک شاندار صدی کا ایشور کے قدموں میں اختتام… ماں میں میں نے ہمیشہ تثلیث کو محسوس کیا ہے، جس میں ایک سنیاسی کا سفر، ایک بے لوث کرما یوگی کی علامت اور اقدار سے وابستہ زندگی کو شامل دیکھا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ’جب میں ان کی 100ویں سالگرہ پر ان سے ملا تو انہوں نے ایک بات کہی تھی، جو ہمیشہ یاد رہتی ہے کہ کام کرو ذہانت سے اور زندگی گزارو پاکیزگی سے۔
پی ایم مودی نے ادا کی ماں کی آخری رسومات
اس کے بعد وزیر اعظم اپنی والدہ کے انتقال کی خبر ملتے ہی احمد آباد روانہ ہو گئے جہاں انہوں نے اپنی والدہ کے آخری دیدار میں شرکت کی۔ پی ایم مودی نے ماں کی ارتھی کو کندھا دیا۔ انہوں نے نم آنکھوں سے ہیرا بین کی آخری رسومات ادا کی۔ اس دوران پی ایم مودی کے بھائی بلک بلک کر رونے لگے جنہیں پی ایم مودی نے تسلی دی۔
-بھارت ایکسپریس