نریندر مودی 28 اپریل کی شام تقریباً 5 بجے وارانسی پہنچیں گے، جہاں وہ ایک بڑے خواتین کنونشن میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ تقریباً 6350 کروڑ روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے، ساتھ ہی عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ اس پروگرام میں علاقے بھر سے بڑی تعداد میں خواتین کی شرکت متوقع ہے۔وزیر اعظم مودی اس دورے کے دوران 1050 کروڑ روپے سے زائد لاگت کی 48 مکمل شدہ منصوبوں کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ ان میں وارانسی-اعظم گڑھ سڑک کی توسیع، کزکپورہ اور کدی پور میں ریلوے اوور برج، اور بھگوان پور میں 55 ایم ایل ڈی صلاحیت کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح شامل ہے۔ اس کے علاوہ سنٹرل یونیوسٹی آف تبتی اسٹڈیز میں سووا رگپا عمارت اور اسپتال کا افتتاح بھی کیا جائے گا، جو روایتی طب اور جدید صحت نظام کے امتزاج کی عکاسی کرتا ہے۔
کمیونٹی سطح پر بھی کئی اہم منصوبے شروع کیے جائیں گے، جن میں جل جیون مشن کے تحت 30 دیہی پینے کے پانی کی اسکیمیں، چندراوتی گھاٹ کی تزئین و آرائش، سارناتھ کے قریب سارنگ ناتھ مندر کی سیاحتی ترقی، اور ناگوا میں سنت روی داس پارک کی خوبصورتی شامل ہے۔ کھیل اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے یوپی کالج میں سنتھیٹک ہاکی ٹرف، رام نگر میں 100 بستروں پر مشتمل بزرگوں کے لیے آشرم اور بھیلوپور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں شمسی توانائی کا منصوبہ بھی شامل ہے۔وزیر اعظم تقریباً 5300 کروڑ روپے مالیت کی 112 سے زائد نئی اسکیموں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ ان میں امروت 2.0 کے تحت پانی اور سیوریج منصوبے، شری شیو پرساد گپتا ڈویزنل ڈسٹرک اسپتال میں 500 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال، بازار کمپلیکس، تالابوں کی بحالی اور مختلف طبی سہولیات کی تعمیر شامل ہے۔ اس کے علاوہ اہم گھاٹوں جیسے اسی گھاٹ، دشاشومیدھ گھاٹ اور نمو گھاٹ پر سیاحتی سہولیات کو فروغ دیا جائے گا۔
ریلوے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے لیے وارانسی جنکشن سے پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن تک تیسری اور چوتھی ریلوے لائن کے منصوبے کی بنیاد رکھی جائے گی، جس میں گنگا ندی پر ریل-روڈ پل کی تعمیر بھی شامل ہے۔ اس سے ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور مشرقی اتر پردیش و بہار کے ساتھ رابطہ بہتر ہوگا۔قابل ذکر بات یہ ہےکہ وزیر اعظم دو نئی امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں—بنارس سے پونے اور ایودھیا سے ممبئی (لوکمانیہ تلک ٹرمینس)—کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ یہ ٹرینیں جدید اور سستی سفری سہولیات فراہم کریں گی اور مختلف ریاستوں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنائیں گی۔ ان منصوبوں سے نہ صرف سیاحت بلکہ معیشت اور علاقائی ترقی کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


