وزیراعظم نریندر مودی۔
نئی دہلی، 14 ستمبر وزیراعظم نریندر مودی 17 ستمبر کو ملک بھر میں خواتین، نوعمر لڑکیوں اور بچوں کی صحت اور غذائیت کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ’’صحت مند ناری، مضبوط خاندان مہم‘‘ اور آٹھویں پوشن ماہ کا آغاز کریں گے۔ اسے خواتین اور بچوں کی جامع نگہداشت کی سمت ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس مشترکہ پہل کی قیادت وزارت صحت و خاندانی بہبود اور وزارتِ خواتین و اطفال ترقی کر رہی ہیں۔ جہاں وزارت صحت ملک بھر میں صحت کیمپوں اور سہولیات کے ذریعے احتیاطی، تشویقی اور علاجی خدمات کو فروغ دے گی، وہیں وزارت خواتین و اطفال ترقی پوشن ماہ کی سرگرمیوں کو اس مہم کے ساتھ جوڑ دے گی۔
مہم کے تحت آنگن واڑی مراکز کے ذریعے خواتین اور نوعمر لڑکیوں کو منظم کیا جائے گا۔ بڑے پیمانے پر غذائیت سے متعلق مشاورت، متوازن غذا پر آگاہی اور کھانے کی ترکیبوں کی نمائش کا اہتمام ہوگا۔ ساتھ ہی خون کی کمی (انیمیا) کی روک تھام، متوازن خوراک اور حیض کے دوران صفائی پر بھی خاص زور دیا جائے گا۔
اس پہل کا مقصد وزیراعظم کے صحت، غذائیت، تندرستی اور 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے وژن کو آگے بڑھانا ہے۔ مہم ماں، بچے اور نوعمر صحت کو فروغ دے گی اور غیر متعدی بیماریوں، انیمیا، تپ دق اور اسکل سیل بیماری کی روک تھام، جانچ اور علاج کو مضبوط کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیکہ کاری، قبل از پیدائش دیکھ بھال، طرز زندگی اور ذہنی صحت پر بھی بیداری بڑھائی جائے گی۔
وزیر صحت جے پی نڈا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ اس پہل کا مقصد پورے بھارت میں خواتین اور بچوں تک بہتر صحت خدمات پہنچانا ہے۔ انہوں نے نجی اسپتالوں اور صحت خدمات فراہم کرنے والوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
یہ مہم 17 ستمبر سے 2 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ اس دوران ملک بھر میں آیوشمان آروگیہ مندروں، کمیونٹی ہیلتھ سینٹروں، ضلعی اسپتالوں اور دیگر سرکاری صحت سہولیات پر ایک لاکھ سے زیادہ صحت کیمپ منعقد کیے جائیں گے۔ اسے ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا خواتین و اطفال صحت مہم قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


