نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اور جاپان کی وزیر اعظم سانائے تاکائچی کے درمیان جمعرات کو ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات میں ہند-جاپان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوںلیڈروں نے تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی سلامتی، توانائی، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، دفاعی تعاون اور عوامی روابط سمیت دوطرفہ شراکت داری کے تمام اہم پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق اس ملاقات کے نتیجے میں کئی اہم شعبوں میں ٹھوس پیش رفت ہوئی ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کی اہم ترجیحات پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر تین اہم مشترکہ دستاویزات بھی جاری کی گئیں، جن میں اقتصادی سلامتی سے متعلق مشترکہ تجویز، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں تعاون پر مشترکہ بیان اور توانائی کے شعبے میں استحکام سے متعلق مشترکہ اعلامیہ شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اقتصادی سلامتی، صاف توانائی، اہم ٹیکنالوجیز، تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی) اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مختلف مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) اور معاہدوں پر بھی گفتگو کی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر مشترکہ تقریبات اور سرگرمیوں کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔
یہ ملاقات 16ویں ہند-جاپان سالانہ سربراہی کانفرنس کے موقع پر ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا اور علاقائی و عالمی امور پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔ جاپان کی وزیرِاعظم سانے تاکائچی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا سرکاری دورۂ بھارت ہے، جبکہ اس سے قبل وزیراعظم نریندر مودی اگست 2025 میں 15ویں سالانہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ٹوکیو گئے تھے۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے اعلان کیا کہ بھارت اور جاپان نے دفاعی شعبے میں اپنے پہلے مشترکہ کو-ڈیولپمنٹ منصوبے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جسے دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات میں ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ جاپان کی جدید اور انتہائی درست ٹیکنالوجی اور بھارت کی مضبوط سافٹ ویئر صلاحیتوں کا امتزاج مصنوعی ذہانت کے عالمی فروغ کو نئی رفتار دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاعی تعاون میں مشترکہ ترقیاتی منصوبہ دونوں ممالک کے باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری کی نئی مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جی-7 سربراہی اجلاس میں بھی انہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ موجودہ عالمی غیر یقینی صورتحال میں باہمی اعتماد ہی سب سے بڑی اسٹریٹجک طاقت ہے، اور انہیں فخر ہے کہ بھارت اور جاپان کی شراکت داری اس معیار پر پوری اترتی ہے۔وزیراعظم مودی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آزاد، خوشحال اور قواعد پر مبنی ہند-بحرالکاہل خطہ بھارت اور جاپان کی مشترکہ ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہیں اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے کئی نئی مشترکہ پہل شروع کی گئی ہیں، جو مستقبل میں علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

