Bharat Express DD Free Dish

PM Modi speaks to Sri Lankan President: وزیراعظم نریندر مودی کی سری لنکن صدر سے گفتگو، کہا-’’آپریشن ساگر بندھو‘‘ کے تحت بھارت ہرممکن مدد کرے گا فراہم

سری لنکا میں طوفانی تباہی، بھارت کا اظہارِ ہمدردی اور تعاون کا وعدہ۔ سری لنکا میں تباہ کن سمندری طوفان دتواہ سے 334 افراد ہلاک، ہزاروں بے گھر ہوئے ہیں۔ بھارت کا فوری امدادی مشن سرگرم ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

نئی دہلی: سری لنکا اس وقت خوفناک سمندری طوفان دتواہ کی زد میں ہے، جہاں بڑے پیمانے پر تباہی، جانی نقصان اور ہزاروں افراد بے گھر ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ اس سخت گھڑی میں وزیر اعظم نریندر مودی نے سری لنکن صدر دسانائیکے سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور متاثرین کے لیے گہری ہمدردی اور مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے عوام مشکل وقت میں سری لنکا کے ساتھ کھڑے ہیں اور انسانی جانوں کو بچانے اور بحالی کے کاموں میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

بھارت کی فوری امداد—’’آپریشن ساگر بندھو‘‘ جاری

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیراعظم مودی نے صدر دسانائیکے کو یقین دلایا کہ آپریشن ساگر بندھو کے تحت جاری امدادی مشن مضبوط اور تیز رفتار انداز میں کام جاری رکھے گا۔ بھارتی فضائیہ اور بحریہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امدادی رسد، ریلیف سامان اور ریسکیو ٹیموں کی تعیناتی کی ہے۔ اب تک بھارتی فضائیہ کے ذریعے 40 سری لنکن فوجیوں اور 104 بھارتی شہریوں کو متاثرہ علاقوں سے ریسکیو کیا گیا ہے۔ مزید ٹیموں کو زمینی اور فضائی راستوں سے روانہ کیا جا رہا ہے۔

سری لنکن حکومت کا اظہار تشکر

صدر دسانائیکے نے بھارتی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں بھارت نے جس تیزی اور سنجیدگی سے مدد فراہم کی ہے وہ سری لنکا ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی امداد نے ریسکیو آپریشن میں نئی رفتار پیدا کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ رابطے برقرار رکھے جائیں گے تاکہ ضرورت کے مطابق مزید اقدامات کیے جا سکیں۔

جانی نقصان تشویشناک سطح پر

سری لنکا کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اس طوفان میں اب تک 334 افراد ہلاک جبکہ 370 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ ملک کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے کینڈی، بادلا، نوارا ایلیا اور ماتالے ہیں۔ ریلیف رپورٹ کے مطابق: 88 اموات صرف کینڈی ضلع میں، 71 بادلا میں، 68 نوارا ایلیا میں اور 23 ماتالے میں ریکارڈ کی گئیں ہیں۔ اس قدرتی آفت سے 309,607 خاندانوں کے مجموعی طور پر 11 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

بھارت کا پیغام: ’’انسانیت سب سے پہلے‘‘

وزیراعظم مودی نے کہا کہ بھارت آنے والے دنوں میں بھی تعمیر نو، عوامی خدمات کی بحالی اور متاثرہ علاقوں میں روزگار کی صورتحال بہتر بنانے میں سری لنکا کی ساتھ کھڑا رہے گا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read