پی ایم مودی کو ملا نمیبیا کا اعلیٰ ترین اعزاز
نمیبیا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا ہے۔ پی ایم مودی کو بدھ کے روز نمیبیا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’آرڈر آف دی موسٹ اینشینٹ ویلوتشیا میرابیلیس‘ سے نوازا گیا۔ مئی 2014 میں وزیر اعظم مودی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے کسی غیر ملکی حکومت کی طرف سے انہیں یہ 27 واں بین الاقوامی اعزاز دیا گیا ہے۔ اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر نندی-ندیتواہ نے دو طرفہ بات چیت کی تھی، جس کے بعد دونوں ممالک نے توانائی اور صحت کی دیکھ بھال سمیت کئی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے چار معاہدوں پر دستخط کیے۔
نمیبیا کی صدر ڈاکٹر نیتمبو نندی-ندیتواہ نے کہا کہ نمیبیا کے آئین کی طرف سے مجھے دی گئی طاقت کے تحت، مجھے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کو ’آرڈر آف دی موسٹ اینشینٹ ویلوتشیا میرابیلیس‘ سے نوازنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جنہوں نے سماجی و اقتصادی ترقی اور عالمی سطح پر امن اور انصاف کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس اعزاز سے نوازے جانے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، ’’یہ اعزاز حاصل کرنا میرے لیے بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ میں صدر، نمیبیا کی حکومت اور نمیبیا کی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں 1.4 بلین ہندوستانیوں کی طرف سے عاجزی کے ساتھ اس اعزاز کو قبول کرتا ہوں۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’یہ ہندوستان اور نمیبیا کی دوستی کا گواہ ہے۔ آج، میں اس کے ساتھ منسلک ہونے پر انتہائی فخر محسوس کرتا ہوں۔ میں یہ اعزاز نمیبیا اور ہندوستان کے لوگوں، ان کی مسلسل ترقی اور ہماری اٹوٹ دوستی کو وقف کرتا ہوں۔ سچے دوست کی پہچان مشکل وقت میں ہی ہوتی ہے۔ ہندوستان اور نمیبیا اپنی جدوجہد آزادی کے بعد سے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہماری دوستی سیاست سے نہیں بلکہ جدوجہد، تعاون اور باہمی اعتماد سے جڑی ہے۔ اس کی آبیاری جمہوری اقدار اور روشن مستقبل کے خوابوں نے کی ہے۔ مستقبل میں بھی ہم ترقی کی راہ پر ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر آگے بڑھتے رہیں گے۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا، ’’نمیبیا دنیا کے سب سے بڑے ہیرے پیدا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے اور ہندوستان میں ہیروں کو پالش کرنے کی سب سے بڑی صنعت ہے، وہ بھی میری آبائی ریاست گجرات میں۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے وقت میں ہماری شراکت داری بھی ان ہیروں کی طرح چمکے گی۔‘‘
اس سے پہلے کل وزیر اعظم مودی کو برازیل کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’گرینڈ کالر آف دی نیشنل آرڈر آف دی سدرن کراس‘ سے نوازا گیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی، جو پانچ ممالک کے دورے پر تھے، کو ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’آرڈر آف دی ریپبلک آف ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو‘ سے نوازا گیا۔ گھانا نے انہیں ’آفیسر آف دی آرڈر آف دی اسٹار آف گھانا‘ کے اعزاز سے بھی نوازا۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
