Bharat Express DD Free Dish

Pandit Deendayal Upadhyaya Punyatithi: پنڈت دین دیال اُپادھیائے کی برسی پر وزیراعظم مودی نے پیش کیا خراج عقیدت

پنڈت دین دیال اُپادھیائے کی پیدائش 25 ستمبر 1916 کو متھرا کے نگلا چندربھان میں ہوئی۔ کم عمری میں ہی والدین اور بھائی کا سایہ سر سے اٹھ جانے کے باوجود انہوں نے تعلیم جاری رکھی۔

نئی دہلی: بھارتیہ جن سنگھ کے بانی رکن اور ’’انتودیہ‘‘ کے علمبردار پنڈت دین دیال اُپادھیائے کی برسی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں عقیدت کے پھول نذر کیے۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنڈت دین دیال اُپادھیائے مادرِ وطن کے سچے پجاری تھے اور اقدار پر مبنی ان کے افکار و نظریات ملک کی ہر نسل کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنے رہیں گے۔وزیر اعظم مودی نے لکھا، ’’ماترو بھومی کے  لےپنڈت دین دیال اُپادھیائے کو ان کی برسی پر سادَر نمن۔ اصولوں اور اقدار پر مبنی ان کی سوچ اور نظریہ ہمیشہ قوم کو صحیح راستہ دکھاتا رہے گا۔‘‘

انتودیہ کی فکر سے وابستہ زندگی

ایک دیگر پوسٹ میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ ’’ اس شعور کا اظہار ہے جس میں قوم اور انسانیت سب سے اوپر ہوتی ہے۔ انتودیہ کے پرچارک پنڈت دین دیال اُپادھیائے نے بھی اسی جذبے کے ساتھ ملک کے ہر فرد کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کر دی۔‘‘اس موقع پر وزیر اعظم نے ایک سنسکرت سُبھاشِت بھی شیئر کیا، جس کا مفہوم یہ ہے کہ ’’جس قوم کی عظمت کا گیت ہمالیہ گاتا ہو، جس کی شہرت دریاؤں کے ساتھ سمندر تک پہنچتی ہو اور جسے تمام سمتیں بازوؤں کی مانند پرنام کرتی ہوں، اسی قوم کے لیے ہم اپنا سب کچھ نچھاور کریں۔‘‘

دیگر رہنماؤں کی جانب سے بھی خراجِ عقیدت

مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے پنڈت دین دیال اُپادھیائے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’آخری صف میں کھڑے فرد کی ترقی ہی دراصل قوم کی ترقی کی علامت ہے۔ ایسا بلند خیال دینے والے پنڈت جی آنے والی بے شمار نسلوں کے لیے قوم کی تعمیر کا ذریعۂ تحریک بنے رہیں گے۔‘‘اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ’’ڈبل انجن حکومت میں ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کا تصور پنڈت دین دیال اُپادھیائے کے افکار کی زندہ مثال ہے۔ ان کے نظریات سے متاثر ہو کر ریاستی حکومت گاؤں، غریب، کسان، خواتین اور سماج کے آخری پائیدان پر کھڑے افراد کی فلاح کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔‘‘

پنڈت دین دیال اُپادھیائے: ایک عظیم قوم پرست مفکر

پنڈت دین دیال اُپادھیائے کی پیدائش 25 ستمبر 1916 کو متھرا کے نگلا چندربھان میں ہوئی۔ کم عمری میں ہی والدین اور بھائی کا سایہ سر سے اٹھ جانے کے باوجود انہوں نے تعلیم جاری رکھی۔ کانپور سے بی اے فرسٹ ڈویژن میں کامیابی حاصل کی اور سول سروس امتحان بھی پاس کیا، مگر ملک کی خدمت کو ترجیح دیتے ہوئے عملی سیاست اور سماجی خدمت کا راستہ اپنایا۔1937 میں وہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سے وابستہ ہوئے اور پرچارک بنے۔ 1951 میں ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے ساتھ مل کر بھارتیہ جن سنگھ کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ 1952 سے 1967 تک پارٹی کے جنرل سیکریٹری رہے اور 1967 میں صدر منتخب ہوئے۔ ’’ایکاتم مانوواد‘‘ ان کا بنیادی فلسفہ تھا، جس میں سرمایہ دارانہ اور اشتراکی نظام کے متبادل کے طور پر انسانی اقدار پر زور دیا گیا۔11 فروری 1968 کو اتر پردیش کے مغل سرائے ریلوے اسٹیشن (موجودہ پنڈت دین دیال اُپادھیائے جنکشن) کے قریب ان کی پراسرار موت واقع ہوئی۔ آج بھارتیہ جنتا پارٹی ان کی فکر اور نظریات سے تحریک حاصل کرتی ہے، جبکہ ان کی برسی کو ’’سروودے دیوس‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ پنڈت دین دیال اُپادھیائے سادگی، قربانی اور حب الوطنی کی روشن مثال تھے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read