انڈیا ٹوڈے گروپ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس کانفرنس کا مقصد زرعی شعبے کی ترقی کے نئے امکانات تلاش کرنا، موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کرنا اور مستقبل کے مواقع پر غور کرنا ہے۔ مہندرا ٹریکٹرس کے تعاون سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس کا موضوع ’اسمارٹ کسان، ترقی یافتہ ہندوستان‘ رکھا گیا ہے۔ اس میں ملک بھر سے تقریباً 2000 کسانوں کی شرکت متوقع ہے۔ کانفرنس میں کسانوں کے تجربات اور خیالات کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔
جدید زرعی ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پر ہوگی گفتگو
کانفرنس میں اگلی نسل کی زرعی ٹیکنالوجی کو اپنانے پر خصوصی زور دیا جائے گا۔ اس میں درست اور جدید طریقے سے کھیتی کرنے کی تکنیک، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے وسائل کا بہتر انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق فصلوں کی نئی اقسام جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔ پینل مباحثوں کے علاوہ اس پروگرام میں زرعی شعبے میں ہونے والی اختراعات اور کامیاب کاروباری تجربات بھی پیش کیے جائیں گے۔ خاص طور پر ایسے کسانوں اور خواتین کاروباری شخصیات کی کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے گا، جنہوں نے روایتی زرعی علم کو جدید طریقوں کے ساتھ جوڑ کر اپنی آمدنی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا ہے۔ ان تجربات کے ذریعے دیہی ہندوستان میں ترقی کے نئے امکانات پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔
کئی مرکزی وزراء اور وزرائے اعلیٰ بھی ہوں گے شریک
اس کانفرنس میں مرکزی وزیر زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود شیوراج سنگھ چوہان، مرکزی وزیر کیمیکل و فرٹیلائزر جے پی نڈا، مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل اور مرکزی وزیر برائے فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری چراغ پاسوان بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو اور ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی بھی کانفرنس میں موجود رہیں گے۔
زرعی پیداوار کو کسانوں کی آمدنی میں بدلنے پر زور
یہ کانفرنس ہندوستانی زراعت کے لیے ایک اہم وقت میں منعقد ہورہی ہے۔ زرعی شعبہ ملک کی تقریباً 46 فیصد افرادی قوت کو روزگار فراہم کرتا ہے۔ حکومت ہند کے اقتصادی جائزے 2025-26 کے مطابق، ملک میں غذائی اجناس کی پیداوار 357.73 ملین ٹن کی ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہے۔ کانفرنس میں اس بات پر غور کیا جائے گا کہ زرعی پیداوار کی اس صلاحیت کو کسانوں کی آمدنی بڑھانے، سپلائی چین کی رکاوٹیں دور کرنے اور عالمی منڈیوں میں ہندوستانی زرعی مصنوعات کی برآمدات کے مواقع بڑھانے کے لیے کس طرح استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ارون پوری نے کانفرنس کو بتایا اہم قدم
اس پہل کا اعلان کرتے ہوئے انڈیا ٹوڈے گروپ کے چیئرمین اور ایڈیٹر ان چیف ارون پوری نے کہا کہ زراعت ہندوستان کا سب سے بڑا پیشہ ہے اور اس کا مستقبل ہی ملک کی تقدیر طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے کانفرنس میں کلیدی خطاب کیا جانا ان کے لیے باعث اعزاز ہے۔ارون پوری کے مطابق، اس کانفرنس کے ذریعے کسانوں کے تجربات اور ان کی سمجھ بوجھ کو عالمی سائنس، پالیسی سازوں اور صنعت کے ساتھ براہ راست مکالمے کا موقع فراہم کیا جائے گا، تاکہ ٹیکنالوجی کی مدد سے پائیدار خوشحالی کی راہ ہموار کی جاسکے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


