Bharat Express DD Free Dish

PM Modi’s Letter to Sunita Williams: وزیر اعظم مودی نے سنیتا ولیمز کو بھیجا تھا خط، تمام ہندوستانیوں کی طرف محفوظ واپسی کے لیے ظاہر کی تھیں نیک خواہشات

ناسا کے خلاباز سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) پر تقریباً نو ماہ کے بعد زمین پر واپسی کی تیاری کر رہے ہیں، جس کی پوری دنیا منتظر ہے۔ اس درمیان مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے منگل کو انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے یکم مارچ کو ولیمز کو ایک ذاتی خط بھیجا تھا۔

ناسا کے خلاباز سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) پر تقریباً نو ماہ کے بعد زمین پر واپسی کی تیاری کر رہے ہیں، جس کی پوری دنیا منتظر ہے۔ اس درمیان مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے منگل کو انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے یکم مارچ کو ولیمز کو ایک ذاتی خط بھیجا تھا، جس میں ہندوستان کی طرف سے ان کی تعریف کے ساتھ ساتھ تشویش کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔

جتیندر سنگھ نے کہا ’’سنیتا کو خلا باز مائک میسیمینو کے ذریعے بھیجا گیا یہ خط 1.4 بلین ہندوستانیوں کے فخر کی عکاسی کرتا ہے۔ کچھ دن پہلے وزیر اعظم مودی نے ایک تقریب میں میسیمینو سے ملاقات کی تھی اور درخواست کی تھی ان کی اور تمام ہندوستانیوں کی جانب سے یہ خط سنیتا تک ضرور پہنچنا چاہیے۔ سنیتا ولیمز کی محفوظ واپسی کی خواہش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہندوستان کی بیٹی کے ساتھ ہندوستان کے گہرے رشتے کی توثیق کی ہے۔ وزیر اعظم مودی کے اس عمل سے متاثر ہو کر جواب میں سنتیا ولیمز نے بھی وزیر اعظم مودی اور ہندوستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔‘‘

وزیر اعظم مودی کا پیغام

اپنے پیغام میں وزیر اعظم مودی نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان کو ان کی کامیابیوں پر ہمیشہ فخر رہا ہے اور پورے ہندوستان کو ان کی محفوظ واپسی کا بے تابی سے انتظار ہے۔ وزیر اعظم مودی نے لکھا ’’میں آپ کو ہندوستان کے لوگوں کی طرف سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج ایک تقریب میں میری ملاقات معروف خلاباز مائیک میسیمینو سے ہوئی۔ ان سے بات چیت کے دوران آپ کا نام بھی آیا اور ہم دونوں نے اس پر بات کی کہ ہمیں آپ پر اور آپ کے کام پر کتنا فخر ہے۔ اس گفتگو کے بعد میں اپنے آپ کو آپ کے نام خط لکھنے سے نہیں روک سکا۔‘‘

وزیر اعظم نے موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق صدر جو بائیڈن سے ملاقاتوں کے دوران ان کی خیریت دریافت کرنے کا ذکر بھی اس خط میں کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ’’جب بھی میں نے امریکہ کے دورے پر صدر ٹرمپ یا صدر بائیڈن سے ملاقات کی تو میں نے آپ کی خیریت دریافت کی۔ 1.4 بلین ہندوستانیوں کو ہمیشہ آپ کی کامیابیوں پر فخر رہا ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے مزید لکھا ’’اگرچہ آپ یہاں سے ہزاروں میل دور ہیں، لیکن آپ ہمارے دلوں کے قریب ہیں۔ ہندوستان کے لوگ آپ کی اچھی صحت اور آپ کے مشن میں کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔‘‘

سنیتا ولیمز کا خاندان اور متوقع دورۂ ہندوستان

وزیر اعظم نے سنیتا ولیمز کے خاندان کو یاد کیا اور ان کی والدہ بونی پانڈیا کے ذکر کے ساتھ ساتھ 2016 میں سنیتا کے والد دیپک پانڈیا سے اپنی ملاقات کو بھی یاد کیا۔ ساتھ ہی وزیر اعظم مودی نے خط میں یہ امید بھی ظاہر کی کہ وہ زمین پر واپسی کے بعد ہندوستان کا دورہ ضرور کریں گی۔ وزیر اعظم نے لکھا ’’محترمہ بونی پانڈیا آپ کی واپسی کا شدت سے انتظار کر رہی ہوں گی اور مجھے یقین ہے کہ آنجہانی دیپک بھائی کا آشیرواد بھی آپ کے ساتھ ہے۔ مجھے بخوبی یاد ہے کہ 2016 دورہ امریکہ کے دوران آپ کے ساتھ ان سے میری ملاقات ہوئی تھی۔ آپ کی واپسی کے بعد ہمیں آپ کو ہندوستان میں دیکھ کر خوشی ہوگی۔ اپنی ایک بے مثال بیٹی کی ضیافت ہندوستان کے لیے فخر کی بات ہوگی۔۔۔ آپ کی اور بیری ولمور کی محفوظ واپسی کے لیے نیک خواہشات۔‘‘

واپسی کا مشن

ناسا کے بوئنگ اسٹار لائنر خلاباز سنیتا ولیمز اور بیری ولمور اسپیس ایکس کریو-9 کے خلاباز نک ہیگ اور روسی خلاباز الیگزینڈر گوربونوف کے ساتھ ISS سے انڈاک کر چکے ہیں اور منگل کی شام کو زمین پر پہنچنے والے ہیں۔ ولیمز اور ولمور ابتدائی طور پر 5 جون 2024 کو بوئنگ اسٹار لائنر خلائی جہاز پر سوار ہو کر ISS پہنچے تھے۔ تاہم تکنیکی مسائل نے انھیں توقع سے زیادہ دیر تک خلا میں رہنے پر مجبور کیا۔ ستمبر 2024 میں ناسا نے دیگر مشنوں کے لیے ڈاکنگ پورٹ کو خالی کرنے کے لیے اسٹار لائنر کو عملے کے بغیر زمین پر واپس بلا لیا تھا۔

اب تقریباً نو ماہ کے بعد سنیتا اور ولمور اسپیس ایکس کیپسول میں سوار ہو کر واپسی کا سفر کر رہے ہیں۔ ناسا نے واپسی کے اس سفر کو لائیو نشر کیا ہے، جس میں ہیگ، ولیمز، ولمور، اور گوربونوف کو ISS چھوڑنے سے پہلے Crew-9 کے خلائی جہاز کے ہیچز کو پیک کرتے اور سیل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ امریکہ میں ان خلابازوں کی واپسی میں تاخیر نے سیاسی بحث کو جنم دیا تھا۔ ٹرمپ نے بائیڈن پر انھیں واپس لانے کی کوشش نہ کرنے کا الزام لگایا تھا اور خود صدر بننے کے بعد ایلون مسک کو انھیں جلد سے جلد واپس لانے کی تاکید کی تھی۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read