Urdu Conclave 2026

PM Modi Declares Imminent End to Naxalism: وزیراعظم نریندر مودی کا اعلان: بھارت جلد نکسلی دہشت گردی سے مکمل طور پر ہوجائے گا آزاد

گزشتہ دس برسوں میں ہزاروں نکسلیوں نے تشدد کا راستہ چھوڑ کر خودسپردگی کی ہے، جن میں سے صرف پچھلے 75 گھنٹوں میں 303 نے ہتھیار ڈالے ہیں۔ مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے 2014 سے گمراہ نوجوانوں کو اصل دھارے میں واپس لانے کے لیے حساسیت اور ہمدردی کے ساتھ کام کررہی ہے۔

نئی دہلی— وزیراعظم نریندر مودی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک بہت جلد نکسلی اور ماؤ نواز دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 11 برسوں میں ماؤ نواز تشدد کے خاتمے کے سلسلے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ وزیراعظم مودی کل نئی دہلی میں منعقدہ عالمی سربراہ کانفرنس (World Summit) سے خطاب کر رہے تھے۔

تشدد قوم کے نوجوانوں کے خلاف سب سے بڑا ظلم

وزیراعظم نے کہا کہ ماؤ نواز دہشت گردی قوم کے نوجوانوں کے ساتھ ایک سنگین ناانصافی اور ایک بڑا گناہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دس برسوں میں ہزاروں نکسلیوں نے تشدد کا راستہ چھوڑ کر خودسپردگی کی ہے، جن میں سے صرف پچھلے 75 گھنٹوں میں 303 نے ہتھیار ڈال دیے۔ مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے 2014 سے گمراہ نوجوانوں کو اصل دھارے میں واپس لانے کے لیے حساسیت اور ہمدردی کے ساتھ کام کیا ہے۔

نکسلی تشدد کے دائرے میں زبردست کمی

وزیراعظم نے بتایا کہ گیارہ برس قبل ملک کے 125 سے زائد اضلاع ماؤ نواز تشدد سے متاثر تھے، جب کہ اب یہ تعداد محض 11 اضلاع تک محدود رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماؤ نواز اب ترقی کے دھارے میں واپس آرہے ہیں اور کھلے عام اعتراف کر رہے ہیں کہ وہ غلط راستے پر تھے۔ مودی نے کہا، ’’اس دیوالی، وہ علاقے جو ماؤنواز دہشت گردی سے آزاد ہو چکے ہیں، نئی خوشیوں کے دیپ جلا کر جشن منائیں گے۔‘‘

پانچ دہائیوں کی تباہی اور قبائلیوں پر شدید اثرات

وزیراعظم نے ماؤنواز تشدد کے پچھلے پچاس برسوں کے تباہ کن اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران ہزاروں بے گناہ افراد اور سیکورٹی اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ نکسلیوں نے اسکولوں اور اسپتالوں کی تعمیر میں رکاوٹیں ڈالیں اور بعض مواقع پر موجودہ عمارتوں کو بھی بم دھماکوں سے اڑا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ایک بڑے حصے اور آبادی کے وسیع طبقے کو ترقی سے محروم رکھا گیا، اور اس کے سب سے زیادہ متاثر قبائلی طبقے رہے، جنہوں نے اس تشدد اور پسماندگی کا بوجھ سب سے زیادہ اٹھایا۔

وزیراعظم نے اپوزیشن پر کی تنقید

وزیراعظم مودی نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے دور میں شہری نکسل ازم کا اثر اس قدر بڑھ گیا تھا کہ ملک کا بیشتر حصہ ماؤنواز دہشت گردی کی سنگینی سے بے خبر رہا۔ انہوں نے کہا کہ اربن نکسل نہ صرف اہم اداروں پر قابض ہو گئے تھے بلکہ ماؤنواز تشدد پر بحث کو دبانے کے لیے سرگرم بھی تھے۔ مودی نے کہا کہ اب وہ پوری قوت کے ساتھ بے نقاب ہو رہے ہیں اور ملک ایک امن و ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read