نئی د ہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ بھارت اور فرانس اگلے سال مشترکہ طور پر ’’ترشنا‘‘سیٹلائٹ لانچ کریں گے، جس کا مقصد دنیا بھرمیں پانی اورغذائی تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہم خلائی مشن دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون کا ایک فطری اور مضبوط تسلسل ہے۔فرانس اورسلوواکیہ کے دورے کے آخری مرحلے میں پیرس میں بھارتی برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ بھارت اور فرانس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مسلسل نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال پیرس اور رواں سال نئی دہلی میں منعقد ہونے والی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سربراہی کانفرنسوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کیا ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج سے پچاس یا سو سال بعد جب اس دور کو یاد کیا جائے گا تو اسے بھارت کی بلند ترین امنگوں، بڑے خوابوں اور غیرمعمولی ترقی کے دور کے طور پر دیکھا جائے گا۔ ان کے مطابق موجودہ بھارت مستقبل کے لیے ایک جامع ماحولیاتی نظام (ایکو سسٹم) تیارکر رہا ہے اوران شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے جو آنے والی دہائیوں کی سمت متعین کریں گے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے حال ہی میں فرانس کے شہر نیس میں منعقدہ ’’بھارت انوویٹس 2026‘‘ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب نے دنیا کے سامنے بھارت کی ڈیپ ٹیک صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریب میں بھارت کے 120 ممتازڈیپ ٹیک اسٹارٹ اپس نے شرکت کی اور تقریباً 1400 بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) ملاقاتیں ہوئیں، جنہوں نے عالمی سطح پر جدت اور شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دورمیں ممالک کے درمیان تعلقات صرف تجارت تک محدود نہیں بلکہ اعتماد پر بھی قائم ہوتے ہیں۔ ہر ملک ایک قابلِ اعتماد سپلائی چین اورمستحکم شراکت دارچاہتا ہے، اور بھارت تیزی سے دنیا کے ایک بھروسہ مند پارٹنرکے طور پرابھر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے ایویان میں منعقدہ جی-7 سربراہی اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی لیڈروں کے سامنے اعتماد پرمبنی شراکت داری اور گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے ساتھ مساوی تعاون کی ضرورت پر زوردیا۔ ان کے مطابق بھارت کا پیغام واضح تھا کہ عالمی نظم و نسق اسی وقت مؤثر ہو سکتا ہے جب وہ سب کو ساتھ لے کر چلے، ترقی اسی وقت پائیدار ہوگی جب اس کے فوائد سب تک پہنچیں، اور ٹیکنالوجی اسی وقت انسانیت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی جب اس پر اعتماد کیا جا سکے۔
وزیراعظم مودی نے بھارت کی ڈیجیٹل کامیابیوں کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ ملک میں تقریباً 90 کروڑ افراد کے لیے منفرد ڈیجیٹل ہیلتھ آئی ڈی تیارکی جا چکی ہے، جس سے طبی ریکارڈ محفوظ رکھنے اور صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چند برس قبل دور دراز دیہات تک تیز رفتار انٹرنیٹ کی رسائی کا تصور بھی مشکل تھا، لیکن آج یہ حقیقت بن چکا ہے۔ خطاب کے بعد پیرس میں مقیم بھارتی برادری کے افراد نے وزیر اعظم سے ملاقات پر خوشی اور فخرکا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

