وزیراعظم مودی کے ذریعہ اجمیر شریف درگاہ پر بھیجی گئی چادر کو روکنے کے لئے عدالت میں عرضی داخل کی گئی ہے۔
Ajmer Dargah Rajasthan News: اجمیرمیں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ میں ہفتہ کے روزوزیراعظم نریندرمودی کی طرف سے چادرپیش کی جانی ہے، لیکن اس سے پہلے ہندوسینا نے اجمیرضلع عدالت میں عرضی داخل کرکے وزیراعظم مودی کی طرف سے پیش ہونے والی چادرپرفوری روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعظم مودی کے ذریعہ اجمیر شریف درگاہ پرچادربھیجنے کے خلاف ہندو سینا کی عرضی پرہفتہ (4 جنوری) کو صبح 10 بجے سماعت ہوگی۔ اجمیرکے سول جج منموہن چندیل کی عدالت میں اس معاملے کی سماعت کی جائے گی۔ دراصل، خواجہ کی درگاہ کو شیومندرکا دعویٰ کرنے والے وشنوگپتا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عہدہ کے ذریعہ چادر بھیجنے سے ہمارا کیس متاثرہوگا، اس لئے فوری طور پر چادر بھیجنے پر روک لگنی چاہئے۔
اجمیرمیں سیکورٹی کے پختہ انتظام
واضح رہے کہ وزیراعظم نریندرمودی کے ذریعہ بھیجی گئی چادرکومرکزی وزیرکرن رجیجو 4 جنوری کواجمیرمیں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ شریف پر پیش کریں گے۔ اس سے پہلے اجمیرمیں ضلع انتظامیہ مستعد ہے اورسیکورٹی کے پختہ انتظامات ہیں۔ اجمیرکے ڈویژنل کمشنرمہیش چندرشرما نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ اورپولیس انتظامیہ نے بہترین انتظام کئے ہیں، تاکہ کسی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو۔ اجمیررینج کے ڈی آئی جی اوم پرکاش میگھوال نے بتایا کہ تقریباً پانچ ہزارپولیس اہلکاروں کو یہاں پر تعینات کیا گیا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمرہ اورڈرون سے سیکورٹی سسٹم پر پوری نظر رکھی جائے گی۔ مرکزی وزیرکرن رجیجوکی آمد کے پیش نظرسبھی تیاریاں پوری کی جاچکی ہیں۔
نظام الدین درگاہ چادرلے کرپہنچے کرن رجیجو
اس سے قبل، وزیراعظم نریندرمودی کے ذریعہ اجمیرواقع خواجہ غریب نوازکی درگاہ کے لئے بھیجی گئی چادرکومرکزی وزیرکرن رجیجوجمعہ کی صبح نظام الدین درگاہ لے کرپہنچے۔ یہاں درگاہ کمیٹی کے لوگوں نے ان کا استقبال کیا۔ درگاہ پرحاضری لگانے کے بعد پارلیمانی امورکے وزیراوراقلیتی امورکے وزیرکرن رجیجو نے میڈیا سے بات کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے خواجہ غریب نوازکے عرس کے لئے چادرسونپی ہے اوراسے ہی لے کرآج ہم نظام الدین درگاہ آئے ہیں۔ یہاں سے اجمیرکے لئے روانہ ہوں گے۔
ملک میں امن رہے، یہی وزیراعظم مودی کا پیغام
مرکزی وزیربرائے پارلیمانی واقلیتی امورکرن رجیجونے کہا کہ میں نے درگاہ میں سبھی لوگوں سے ملاقات کی اورملک کے لئے دعا بھی کی۔ وزیراعظم مودی کا پیغام ہے کہ ملک میں بھائی چارہ رہے اورساتھ ہی امن وامان برقراررہے۔ یہی پیغام سے متعلق آج ہم اجمیر کے لئے روانہ ہو رہے ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔