Bharat Express DD Free Dish

PM Modi Banaskantha Visit: ’وقت سے پہلے آگئی دیوالی…‘: وزیر اعظم مودی کے دورے سے بناس کانٹھا کے لوگ خوشی سے نہال، منفرد انداز میں ہوگا استقبال

وزیر اعظم جمعہ کو گجرات کے ضلع بناس کانٹھا کے دورے پر ہیں، بھلڑی میں اینیمل بریڈنگ اینڈ ریسرچ سینٹر کا افتتاح کریں گے اور کسانوں و مویشی پالنے والوں کے ساتھ خصوصی ’کھاٹلا بیٹھک‘ میں براہ راست گفتگو کریں گے۔

گجرات کے ضلع بناس کانٹھا میں جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کو لے کر خاصا جوش و خروش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی اپنے اس دورے کے دوران بھلڑی میں قائم ’اینیمل بریڈنگ اینڈ ریسرچ سینٹر‘ (بی بی آر سی) کا افتتاح کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی وہ علاقے کے کسانوں اور مویشی پالنے والوں سے ملاقات کرکے ان کے ساتھ براہ راست بات چیت بھی کریں گے۔ اس گفتگو کے لیے ایک خصوصی ’کھاٹلا بیٹھک‘ کا اہتمام کیا گیا ہے، جو ان دنوں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ اس پروگرام کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہاں عام وی آئی پی پروگراموں کی طرح صوفے اور آرام دہ کرسیاں نہیں لگائی گئی ہیں۔ اس کے بجائے مہمانوں کے بیٹھنے کے لیے روایتی کھاٹلوں یعنی چارپائیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ خصوصی طور پر تیار کیے گئے وی آئی پی زون میں بھی چارپائیاں رکھی گئی ہیں۔ وزیر اعظم انہی چارپائیوں پر بیٹھ کر کسانوں اور مویشی پالنے والوں سے گفتگو کریں گے۔ اس پہل کے ذریعے مقامی ثقافت اور دیہی طرز زندگی کی جھلک بھی دیکھنے کو ملے گی۔

وزیر اعظم کے استقبال کے لیے پرجوش ہیں بناس کانٹھا کے لوگ

وزیر اعظم کی آمد کی خبر سے مقامی لوگوں میں خوشی کا ماحول ہے۔ خاص طور پر خواتین اور مویشی پالنے کے شعبے سے وابستہ خواتین اس پروگرام کو لے کر کافی پرجوش نظر آرہی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا ان کے درمیان آنا ان کے لیے انتہائی خاص موقع ہے۔ مقامی خاتون چہوبین نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے بات چیت میں کہا کہ وزیر اعظم مودی کے استقبال کو لے کر پورے علاقے میں جوش و خروش ہے۔ انہوں نے کھاٹلا بیٹھک کے انتظام پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج کل زیادہ تر پروگراموں میں کرسیاں ہی دیکھنے کو ملتی ہیں، لیکن یہاں وزیر اعظم روایتی انداز میں لوگوں کے درمیان بیٹھ کر گفتگو کریں گے۔ یہ ہماری ثقافت اور روایت سے جڑی ہوئی بات ہے۔ پروگرام کے لیے جس طرح کی تیاریاں کی گئی ہیں، انہیں دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔

خواتین کے لیے وزیر اعظم کا دورہ دیوالی جیسا ہے

وہیں گیتابین نے وزیر اعظم کے دورے کو اپنے لیے کسی تہوار سے کم نہیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کا بناس کانٹھا آنا یہاں کے لوگوں کے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔ ان کے مطابق، ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے دیوالی کا تہوار وقت سے پہلے ہی آگیا ہو۔ گیتابین نے بتایا کہ وزیر اعظم بھلڑی میں اینیمل بریڈنگ اینڈ ریسرچ سینٹر کا افتتاح کرنے آرہے ہیں۔ اس کو لے کر گاؤں کے لوگوں میں کافی جوش و خروش ہے۔ انہوں نے پروگرام کے مقام پر کیے گئے انتظامات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ تمام تیاریاں اچھی طرح کی گئی ہیں۔

گاؤں کی روایت کے مطابق ہوگا وزیر اعظم کا استقبال

ایک دیگر خاتون مویشی پالنے والی نے بتایا کہ ان کے گاؤں میں جب بھی کوئی مہمان آتا ہے تو اس کے بیٹھنے کے لیے کھاٹلا یعنی چارپائی بچھائی جاتی ہے۔ یہی گاؤں کی پرانی روایت ہے۔ ایسے میں جب ملک کے وزیر اعظم ان کے یہاں آرہے ہیں تو ان کے استقبال کے لیے بھی اسی روایت کو اپنایا گیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطابق، سرکاری اسکیموں سے گاؤں میں رہنے والے خاندانوں کو کافی فائدہ پہنچا ہے۔ آج گھر گھر پانی پہنچا ہے اور مویشی پالنے والوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ خاتون نے کہا کہ وزیر اعظم نے مویشی پالنے والوں اور دیہی خاندانوں کے لیے کئی کام کیے ہیں، اسی لیے ان کی آمد سے لوگوں میں خاص خوشی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read