Bharat Express DD Free Dish

Meitei, Kuki-Zo peace talks: میتئی اور کوکی-زو تنظیموں کے درمیان امن مذاکرات بغیر کسی حل کے ختم، حکومت نے پیش کیں اہم تجاویز

وزارت داخلہ نے ہفتہ کو نئی دہلی میں میتئی اور کوکی-زو تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی تاکہ تقریباً دو سال قبل منی پور میں شروع ہونے والے نسلی تنازعہ کو حل کیا جا سکے۔

وزارت داخلہ نے ہفتہ کو نئی دہلی میں میتئی اور کوکی-زو تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی تاکہ تقریباً دو سال قبل منی پور میں شروع ہونے والے نسلی تنازعہ کو حل کیا جا سکے۔ مئی 2023 میں تشدد پھوٹنے کے بعد سے یہ دونوں فریقوں کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات تھی۔ تاہم مندوبین نے کہا کہ اب تک کوئی حل نہیں نکلا ہے۔ اس میٹنگ میں دو میتئی تنظیموں- آل منی پور یونائیٹڈ کلبز آرگنائزیشن اور فیڈریشن آف سول سوسائٹی آرگنائزیشنز اور دو کوکی-زو تنظیموں- کوکی-زو کونسل اور زومی کونسل کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس میٹنگ کی قیادت مرکزی وزارت داخلہ کے شمال مشرقی امور کے مشیر اے کے مشرا کر رہے تھے۔ منی پور میں مئی 2023 میں شروع ہونے والے میتئی اور کوکی-زومی-ہمار برادریوں کے درمیان نسلی تنازعہ پیدا ہو گیا تھا، جس کے بعد کم از کم 258 افراد ہلاک اور 59,000 سے زیادہ بے گھر ہو گئے۔ اس تشدد کے پیش نظر وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ کے مستعفی ہونے کے بعد اس سال فروری میں وہاں صدر راج نافذ کردیا گیا تھا۔

حکومت نے پیش کی تھیں کچھ اہم تجاویز

انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق ہفتہ کو ہونے والی میٹنگ میں حکام نے ایک مسودہ معاہدہ یا ایک مشترکہ قرارداد دونوں طرف سے غور کے لیے پیش کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسودے میں فریقین سے تشدد سے باز رہنے، اسلحہ کی بازیابی میں تعاون کرنے اور شاہراہوں پر ٹریفک کی آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دینے کی اپیل شامل تھی۔ حکومت کی طرف سے لاجسٹک اور سیکیورٹی سپورٹ فراہم کرتے ہوئے بے گھر افراد کو اپنے گھر لوٹنے میں مدد کے لیے اقدامات بھی تجویز کیے گئے ہیں۔ ایک اور شق میں گورنر سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو ترجیح دیں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق آل منی پور یونائیٹڈ کلبز آرگنائزیشن کے صدر نندولوانگ نے کہا کہ ان کی تنظیم نے عہدیداروں کے ذریعے تیار کردہ نکات پر رضامندی ظاہر کی ہے ’’کیوں کہ ہم کوئی تنازعہ نہیں چاہتے ہیں۔ تاہم کوکی-زو اپنی رضامندی دینے کو تیار نہیں تھے۔‘‘ دریں اثنا کوکی-زو کونسل چیئرپرسن ہینلیانتھانگ تھنگلیٹ نے کہا کہ ’’یہ ایک بہت تاریخی ملاقات‘‘ تھی۔ واضح رہے کہ کوکی-زو گروپ امن مذاکرات کی شرط کے طور پر کمیونٹی کے لیے علیحدہ انتظامیہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read