Urdu Conclave 2026

Pakistani High Commission in New Delhi are declared Persona Non Grata: وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر سی سی ایس کی طویل میٹنگ ختم، پاکستان کے خلاف لیے گئے انتہائی سخت فیصلے، پڑوسی ملک کو دیا گیا واضح پیغام

پہلگام حملے کے بعد بھارت کے بڑے فیصلے: انڈس واٹر معاہدہ معطل، اٹاری چیک پوسٹ بند، پاکستانی ہائی کمیشن کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم، وکرم مسری نے کیا اعلان

نئی دہلی: سی سی ایس کی میٹنگ پہلگام حملے کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ 7، لوک کلیان مارگ پر کیبینٹ کمیٹی آن سیکورٹی (سی سی ایس) کی میٹنگ منعقد ہوئی، جو تقریباً ڈھائی گھنٹے جاری رہی۔ اس میٹنگ میں وزیر اعظم نے وزیر داخلہ سے حملے سے متعلق کئی اہم سوالات کیے اور مستقبل کے حفاظتی اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔

پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد بھارت نے سکیورٹی، سفارتی اور آبی سطح پر پاکستان کے خلاف تاریخی نوعیت کے سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ خارجہ سیکریٹری وکرم مسری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سی سی ایس نے ملک کی مجموعی سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا ہے کہ ایسے حملوں میں ملوث افراد اور ان کے پشت پناہوں کو ہر حال میں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ہندوستان نے کون سے سخت فیصلے لیے:

انڈس واٹر معاہدہ معطل

1960 کا انڈس واٹر معاہدہ فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ معاہدہ پاکستان کے لیے اس وقت تک بحال نہیں کیا جائے گا جب تک وہ قابلِ یقین  طور پر سرحد پار دہشت گردی کی حمایت ترک نہیں کردیتا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ بار بار کی جارحیت کے بعد اعتماد کی بنیاد پر قائم یہ معاہدہ اب قابل عمل نہیں رہا۔

اٹاری چیک پوسٹ بند

اٹاری پر واقع چیک پوسٹ کو فوری طور پر بند کردیا گیا ہے۔ جن پاکستانی شہریوں نے باقاعدہ اجازت نامے کے ساتھ بھارت میں داخلہ لیا ہے، وہ یکم مئی 2025 سے پہلے اسی راستے سے واپسی کرسکتے ہیں۔

SAARC  ویزا اسکیم منسوخ

سارک ویزا استثنیٰ اسکیم کے تحت پاکستانی شہریوں کو بھارت سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ماضی میں جاری کیے گئے سارک ویزا ایکزمپشن اسکیم (SVES) ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ بھارت میں موجود تمام پاکستانی شہری جن کے پاس SVES ویزا ہے، انہیں 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنا ہوگا۔

پاکستانی ہائی کمیشن کے دفاعی مشیر ناپسندیدہ قرار

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات دفاعی، بحری، فضائی اور فوجی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت (Persona Non Grata) قرار دیتے ہوئے ایک ہفتے میں ملک چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ بھارت میں موجود تمام پاکستانی شہریوں کے ویزے فوری طور پر منسوخ کر دیے گئے ہیں، جبکہ نئے ویزے جاری کرنے کا عمل غیر معینہ مدت تک کے لیے روک دیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے تعلیمی، تجارتی اور طبی بنیادوں پر آئے تمام پاکستانی متاثر ہوں گے۔

اسلام آباد سے بھارتی مشیروں کی واپسی

بھارت اپنے دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن سے واپس بلا رہا ہے۔ ان عہدوں کو فی الفور غیر مؤثر قرار دے دیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ کا بیان

بھارت کے وزیر خارجہ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا: “ہم نے بارہا امن کی بات کی، لیکن ہر بار ہمیں دھوکہ اور خونریزی ملی۔ پہلگام میں بےگناہ شہریوں پر حملہ ایک سرخ لکیر کو پار کرنا تھا۔ اب خاموشی کا وقت نہیں، جواب کا وقت ہے۔”

عوامی اور سیاسی حلقوں میں حمایت

ملک بھر میں اس اقدام کی وسیع حمایت دیکھنے میں آ رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر ‘IndiaStandsUnited’ جیسے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کر رہے ہیں، جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں نے بھی اس فیصلے کو “وقت کی ضرورت” قرار دیا ہے۔

دہشت گردوں کا سراغ دینے والے کو 20 لاکھ روپے کا انعام

اننت ناگ پولیس نے اعلان کیا ہے کہ پہلگام حملے میں ملوث دہشت گردوں کی شناخت یا معلومات فراہم کرنے والے کو 20 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا خوف و خطر سکیورٹی ایجنسیوں سے رابطہ کریں۔

کیرالا حکومت نے اعلان کیا کہ حملے میں جاں بحق ہونے والے تین کیرالا کے باشندوں کے خاندانوں کو 10-10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے جموں و کشمیر کے لیے روانہ ہو چکے ہیں تاکہ وہاں پھنسے مہاراشٹر کے شہریوں کو واپس لانے کے انتظامات کیے جا سکیں۔ شیو سینا کی امدادی ٹیم پہلے ہی سری نگر روانہ ہو چکی ہے۔

ہر یانہ کے وزیر اعلیٰ کی سخت مذمت

ہر یانہ کے وزیر اعلیٰ نایب سنگھ سینی، حملے میں شہید ہونے والے نیوی کے لیفٹیننٹ ونئے نرول کے جنازے میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا: “یہ ایک بزدلانہ حملہ ہے، اس کے پیچھے جو عناصر ہیں، وہ کسی بھی صورت بچ نہیں پائیں گے۔ ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ونئے نرول ایک بہادر سپاہی تھا، خدا اس کی روح کو سکون دے۔”

راہل گاندھی کی امریکہ سے ہوگی واپسی

کانگریس لیڈر راہل گاندھی آج رات امریکہ سے واپس آ رہے ہیں اور کل صبح کانگریس ورکنگ کمیٹی (CWC) کی میٹنگ میں شرکت کریں گے، جس میں پہلگام حملے پر غور کیا جائے گا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read