پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف۔ (فائل فوٹو)
اسلام آباد: پاکستان اس وقت شدید خوف اور بے یقینی کے ماحول میں جی رہا ہے، جہاں خود پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف بار بار بھارت کے ممکنہ حملے کا خطرہ ظاہر کر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں دہلی اور جموں و کشمیر میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات کے بعد پاکستانی وزیر دفاع کے بیانات مسلسل سامنے آ رہے ہیں جن میں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے اور اس حوالے سے پاکستان مکمل الرٹ پر ہے۔
خواجہ آصف نے واضح انداز میں بتایا کہ پاکستان بھارتی فوج کی کارروائی ‘آپریشن سندور’ کا درد آج تک نہیں بھولا ہے۔ اس آپریشن میں بھارتی جانبازوں نے پاکستان کو بھاری نقصان پہنچایا تھا جس کے زخم ابھی بھی تازہ محسوس کیے جا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی قسم کا بیان یا ردعمل نہ آنے کے باوجود اسلام آباد میں خوف کا ماحول زیادہ واضح دکھائی دے رہا ہے۔
سما ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دفاعی وزیر نے کہا کہ ”ہم بھارت کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کر سکتے۔ ہم پوری طرح تیار ہیں اور ہائی الرٹ پر ہیں۔ بھارت پر کسی بھی قسم کا بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ ہم اس امکان سے انکار نہیں کر سکتے کہ بھارت براہ راست مداخلت یا حملہ کر سکتا ہے۔ وہ افغانستان کی سرزمین سے حملے جاری رکھ سکتا ہے اور اپنی حکمت عملی کے تحت مکمل جنگ چھیڑ سکتا ہے“۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سرحدی دراندازی یا عسکری حملے کر سکتا ہے، اسی لیے اسلام آباد کو انتہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان اور افغانستان اپنے مسائل خود حل کر سکیں۔ یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت کی جانب سے ابھی تک کوئی عسکری کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ دوسری جانب نئی دہلی میں دھماکے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے بھوٹان سے پوری دنیا کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ دہلی دھماکے کے ذمہ داروں کو ہر حال میں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔
اسی دوران بھارتی آرمی چیف جنرل اُپیندر دیویدی نے چانکیہ ڈیفنس ڈائیلاگ میں کہا تھا کہ “آپریشن سندور تو محض ایک ٹریلر تھا جو 88 گھنٹوں میں مکمل ہوا۔ ہم ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار ہیں۔ اگر پاکستان نے موقع دیا تو ہم اسے دکھائیں گے کہ ذمہ دار ہمسایہ ملک کے ساتھ کیسے پیش آنا چاہیے“۔ موجودہ حالات خطے میں بڑھتی کشیدگی اور پاکستان کے اندر پھیلے خوف کی تصویر واضح کرتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


