Bharat Express DD Free Dish

Schools Operate In Hybrid Mode: نوئیڈا، غازی آباد سمیت پورے این سی آر میں پانچویں جماعت تک اسکول ہائبرڈ موڈ پر چلانے کے احکامات، بڑھتی آلودگی کے پیش نظر بڑا فیصلہ

فضائی آلودگی کی صورتحال خراب ہونے کے باعث دہلی اور اس کے آس پاس کے قومی دارالحکومت خطے (این سی آر) کے پانچ شہروں میں پانچویں جماعت تک کی تعلیم ہائبرڈ موڈ میں کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ طلبہ کو اسکول میں حاضر ہوکر یا آن لائن کلاسز میں شامل ہوکر پڑھائی کرنے کا اختیار ہوگا۔

نئی دہلی: دیوالی کے بعد بڑھتی فضائی آلودگی کو دیکھتے ہوئے نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام اور فرید آباد سمیت پورے این سی آر میں اسکولوں کو پانچویں جماعت تک کی پڑھائی ہائبرڈ موڈ میں کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ متعلقہ اضلاع کے بنیادی تعلیم افسران کی جانب سے اس سلسلے میں احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

آن لائن بھی ہوگی پڑھائی

سرکاری حکم کے مطابق، غازی آباد اور نوئیڈا-گریٹر نوئیڈا میں آلودگی کے پیش نظر پانچویں جماعت تک کے بچوں کے لیے ہائبرڈ موڈ میں پڑھائی لازمی کردی گئی ہے۔ جی آر اے پی (GRAP) مرحلہ 3 نافذ ہونے کے بعد ضلع بنیادی تعلیم افسر کی جانب سے یہ احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ یہ حکم ضلع کے تمام سرکاری، امداد یافتہ اور تسلیم شدہ اسکولوں پر لاگو ہوگا۔ اسکولوں کو پانچویں جماعت تک کے بچوں کے لیے آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے تعلیم حاصل کرنے کا اختیار فراہم کرنا ہوگا۔ جہاں آن لائن پڑھائی کی سہولت دستیاب ہے، وہاں آن لائن کلاسز بھی چلانا ہوں گی۔ اسکولوں کے پرنسپل اور انتظامیہ کو احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکم کی خلاف ورزی یا لاپرواہی کی صورت میں متعلقہ اسکول کے خلاف کارروائی کرنے کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔

دہلی اور این سی آر کے تمام اسکولوں پر لاگو ہوگا حکم

واضح رہے کہ دہلی-این سی آر کے اسکولوں کو پانچویں جماعت تک ہائبرڈ کلاسز چلانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکم کے مطابق، دہلی-این سی آر کے وہ تمام اسکول جہاں پانچویں جماعت تک تعلیم دی جاتی ہے، انہیں ہائبرڈ لرننگ کا نظام اپنانا ہوگا۔ طلبہ کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ اسکول جاکر جسمانی طور پر کلاسز میں شرکت کریں یا آن لائن پڑھائی سے جڑیں۔ یہ سہولت اسکول کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر منحصر ہوگی۔ یہ حکم ان علاقوں کے سرکاری اور نجی، دونوں طرح کے اسکولوں پر لاگو ہوگا۔ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جب تک جی آر اے پی مرحلہ 3 کی پابندیاں نافذ رہیں گی، انہیں حکومت کے ان احکامات پر عمل کرنا ہوگا۔

خراب ہوتی آلودگی کے پیش نظر احتیاطی فیصلہ

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ آلودگی کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ احتیاطی اقدام کے طور پر لیا گیا ہے۔ حکومت نے ہائبرڈ کلاسز نافذ کرنے کا فیصلہ اسکول انتظامیہ کی مرضی پر نہیں چھوڑا ہے۔ حکام نے اس فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ ہوا کا معیار مزید خراب ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم کے حالات ناموافق ہونے کا خدشہ ہے، جس کے دوران ہوا کی رفتار تقریباً صفر تک گر سکتی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read