شمال مشرقی ہندوستان کے کئی ریاستیں مسلسل بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شدید متاثر ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں اب تک 36 افراد ہلاک اور 5.5 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ آسام، میگھالیہ، میزورم، سکم، اروناچل پردیش، منی پور اور تریپورہ سب سے زیادہ متاثرہ ریاستیں ہیں۔ آسام میں سب سے زیادہ 11 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، جبکہ اروناچل پردیش میں 10، میگھالیہ میں 6، میزورم میں 5، سکم میں 3 اور تریپورہ میں ایک ہلاکت رپورٹ کی گئی ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے دریاوں میں پانی کے لیول خطرناک حد تک بڑھ گئے ہیں، اور کئی اضلاع میں ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کیے گئے ہیں۔
آسام کے 22 اضلاع میں 5.35 لاکھ سے زائد افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، جن میں کچھار، سری بھومی اور ناگاؤں سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ کچھار میں ایک لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 10,272 افراد کو 155 ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ لکھیم پور ضلع بھی شدید متاثر ہے، جہاں وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا سرما نے دورہ کیا اور متاثرین کو ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی۔ سکم کے منگن ضلع میں ایک فوجی کیمپ پر لینڈ سلائیڈنگ سے تین فوجیوں کی ہلاکت اور چھ کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ 1,678 سیاحوں کو لچھنگ اور چنگ تھانگ سے نکالا گیا ہے۔ میزورم میں 211 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے 60 گھر تباہ ہوئے، اور تمام اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔
بارشوں اور سیلاب نے مواصلاتی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ آسام میں 15 بڑے دریا خطرناک سطح سے اوپر بہہ رہے ہیں، اور سڑک، ریل اور فیری سروسز معطل ہیں۔ شمال مشرقی فرنٹیئر ریلوے نے کئی ٹرینیں منسوخ کر دیں، جبکہ گوہاٹی میں واٹر لاگنگ سے شہری زندگی مفلوج ہو گئی ہے۔ اروناچل پردیش اور میگھالیہ سے آنے والا پانی اسام کی صورتحال کو مزید خراب کر رہا ہے۔ امدادی کاموں کے لیے این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، ریاستی پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور انڈین ایئر فورس سرگرم ہیں۔ سکم میں 1,500 سے زائد سیاح پھنسے ہوئے ہیں، جن کی واپسی کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آسام، سکم، اروناچل پردیش کے وزرائے اعلیٰ اور منی پور کے گورنر سے بات کی اور ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی۔ آسام حکومت نے متاثرین کے اہل خانہ کے لیے 4 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔آسام اور میگھالیہ کے وزرائے اعلیٰ نے گوہاٹی میں ملاقات کی، جہاں سرحدی تنازعات، مشترکہ پاور اینڈ ایریگیشن پروجیکٹ، اور گوہاٹی میں واٹر لاگنگ کے مسائل پر بات ہوئی۔ انڈیا میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے آسام کے کئی علاقوں میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
