Bharat Express DD Free Dish

Javed Akhtar on poetry and right wing: دائیں بازو سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی شاعر بڑا شاعر نہیں بن سکتا، جاوید اختر نے شاعری کو انصاف اور مساوات کی آواز قرار دیتے ہوئے کیا دعویٰ

وہ جمعہ کی شام وسطی ممبئی کے انابھاؤ ساٹھے آڈیٹوریم میں سمشتی آرٹس اینڈ لٹریچر فیسٹیول کے دوران ’’نام دیو دھسال سمشتی ایوارڈ‘‘ حاصل کرنے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

معروف فلمی نغمہ نگار اور شاعر جاوید اختر (فائل فوٹو)۔

شاعری کو ’’انصاف کی زبان‘‘ اور ’’معاشرے کی آواز‘‘ قرار دیتے ہوئے معروف فلمی نغمہ نگار اور شاعر جاوید اختر نے کہا کہ اسی وجہ سے دائیں بازو (رائٹ ونگ) سے تعلق رکھنے والے پوری دنیا میں کوئی بھی بڑا شاعر پیدا نہیں کرسکے۔ وہ جمعہ کی شام وسطی ممبئی کے انابھاؤ ساٹھے آڈیٹوریم میں سمشتی آرٹس اینڈ لٹریچر فیسٹیول کے دوران ’’نام دیو دھسال سمشتی ایوارڈ‘‘ حاصل کرنے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

11 اپریل کو شروع ہونے والی اس دو روزہ تقریب کا اہتمام معروف مراٹھی شاعر اور دلت کارکن آنجہانی نام دیو دھسال کی یاد میں کیا گیا ہے۔ جاوید اختر نے اپنے خطاب کے دوران کہا ’’جو لوگ صرف رومانوی شاعری سنتے ہیں وہ نہیں جانتے کہ شاعری صرف محبت کی زبان نہیں ہے بلکہ انصاف کی زبان بھی ہے۔ پوری دنیا میں ثقافتی طور پر شاعری کا اقداری نظام درستگی پر مبنی ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا کی تاریخ میں رائٹ ونگ سے تعلق رکھنے والال کوئی بھی بڑا شاعر سامنے نہیں آ سکا۔‘‘

بڑا شاعر وہی ہے جو انصاف اور مساوات کی بات کرے: جاوید اختر

انھوں نے مزید کہا کہ ’’شاعری مساوات اور انصاف پر یقین رکھتی ہے۔ اور ان اقدار کی تبلیغ کرنے والی شاعری ہی دنیا بھر میں مقبول ہوئی ہے۔ بڑا شاعر وہ ہوتا ہے جو انصاف کی بات کرتا ہے اور وہ شاعر (دھسال) جس کے نام پر آج ہم یہاں جمع ہوئے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا ’’شاعری معاشرے کی آوازہے۔ مہاتما پھولے اور ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر نے بے آوازوں کو آواز فراہم کی… ہماری پوری تحریک، جو سماجی انصاف کے لیے ہے، مہاراشٹر میں پیدا ہوئی۔

’’معروف مراٹھی شاعر دھسال کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا ّّدھسال 20ویں صدی کے شاعر نہیں تھے، بلکہ وہ ہزاروں سال پہلے پیدا ہوئے تھے۔ لاوا ایک دن میں نہیں نکلتا۔ اسے بننے میں سالوں لگتے ہیں اور یہ ایک دن پہاڑ کو توڑ کر ایک دھماکے کے ساتھ باہر نکلتا ہے۔‘‘ تقریر کے بعد اختر نے دھسال کی نظم ’’رکتت پپتلیلیا اگنیت سوریانو‘‘ کا اردو ترجمہ بھی پیش کیا۔ اس تقریب میں صحافی دنیش مہاراؤ، راجو پارولیکر، شیامل گاروڑ، امول دیولکر، دیشا واڈیکر اور دیگر کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read