پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کو ملی جیت کے بعد اب نئی حکومت کی تشکیل کی رسمی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس دوران، این ڈی اے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیے جانے کے بعد نتیش کمار بدھ کے روز راج بھون پہنچے اور وزیرِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ پیش کر دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے گورنر سے نئی حکومت بنانے کا دعویٰ بھی پیش کیا۔
نتیش کمار نے گورنر کو سونپا اپنا استعفیٰ
نتیش کمار این ڈی اے کے لیڈر کے ساتھ راج بھون گئے اور گورنر عارف محمد خان سے ملاقات کرکے اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔ اس کے بعد انہوں نے این ڈی اے کے نو منتخب ارکانِ اسمبلی کی فہرست پیش کرتے ہوئے حکومت بنانے کا دعویٰ کیا۔ اس سے قبل اسمبلی کے سینٹرل ہال میں این ڈی اے قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوئی، جس میں تمام نو منتخب ارکانِ اسمبلی اور کئی بڑے لیڈر شامل ہوئے۔ میٹنگ میں اتفاقِ رائے سے نتیش کمار کو این ڈی اے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔ اس کے بعد سینئر لیڈروں نے انہیں مبارکباد دی۔
گاندھی میدان میں ہوگی حلف برداری تقریب
نتیش کمار دسویں مرتبہ وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ پٹنہ کے گاندھی میدان میں جمعرات کے روز نئی حکومت کی حلف برداری ہوگی۔ اس تقریب میں عام لوگوں سے لے کر وی آئی پیز تک کی بڑی تعداد کی آمد کو دیکھتے ہوئے وسیع انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے کئی سینئر لیڈران کے ساتھ مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے بھی شامل ہونے کی امید ہے۔
ایک روز پہلے، منگل کو وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار گاندھی میدان پہنچے اور حلف برداری کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے اسٹیج پر مہمانوں کے بیٹھنے کے انتظامات اور دیگر سہولیات کے بارے میں افسران سے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کو کل 202 نشستیں ملی ہیں۔ بی جے پی نے 89 سیٹوں پر جیت درج کی۔ دوسرے نمبر پر نتیش کمار کی جنتا دل (یونائیٹڈ) 85 سیٹوں کے ساتھ رہی۔ چراغ پاسوان کی لوک جن شکتی (آر) نے 19 نشستیں جیتیں، جو این ڈی اے کی تیسری سب سے بڑی پارٹی بنی۔ ہندوستانی عوام مورچہ کو 5 اور راشٹریہ لوک مورچہ کو 4 نشستیں ملی ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



