Urdu Conclave 2026

BJP National President Nitin Nabin: نتن نبین کی نئی ٹیم کے ساتھ پہلی میٹنگ، 2029 لوک سبھا اور 7 ریاستوں کے انتخابات کی تیاری پر تبادلہ خیال

میٹنگ کے اہم ایجنڈے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر میں منعقد کیے جانے والے پروگراموں کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے۔ نریندر مودی نے 7 اکتوبر 2001 کو پہلی مرتبہ گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل کسی نہ کسی عوامی عہدے پر فائز رہے ہیں۔

نئی دہلی : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نبین نے نئی دہلی میں واقع بی جے پی ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے نو مقرر کردہ عہدیداروں کے ساتھ پہلی میٹنگ شروع کردی ہے۔ دن بھر جاری رہنے والی اس تنظیمی میٹنگ میں نئی ٹیم کا تعارف، وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر میں مجوزہ پروگراموں اور تنظیم سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ اس میٹنگ کو پارٹی کی نئی تنظیمی ٹیم کے لیے آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

نئے عہدیداروں سے نتن نوین کریں گے بات چیت

میٹنگ کے دوران نتن نبین نو مقرر کردہ عہدیداروں کا ایک دوسرے سے تعارف کرائیں گے اور پارٹی کی توقعات کے حوالے سے ان سے براہ راست گفتگو کریں گے۔ اسے بی جے پی کے نئے عہدیداروں کی نئی ذمہ داریوں کے باضابطہ آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق عہدیداروں کو ان کے کردار اور ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی معلومات دی جائیں گی۔ تنظیمی کام کو مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر فعال رہنے اور میڈیا کے ساتھ بہتر رابطہ قائم کرنے پر بھی زور دیے جانے کا امکان ہے۔ عہدیداروں سے پارٹی کی پالیسیوں اور سرگرمیوں کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچانے کی توقع کی جائے گی۔

کارکنوں اور عوام سے رابطے پر زور

میٹنگ میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ مستقل اور بامعنی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ عہدیداروں سے عوامی مسائل کے تئیں حساس رہنے اور ان کے حل کی سمت میں فعال کردار ادا کرنے کو کہا جاسکتا ہے۔ہر عہدیدار کو سونپے گئے علاقے اور ذمہ داریوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ تنظیم کو زمینی سطح پر مزید مضبوط بنانے اور پارٹی کے مختلف درجوں کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے پر خصوصی زور رہنے کی توقع ہے۔ پارٹی قیادت کا مقصد نئی ٹیم کو زیادہ فعال بناتے ہوئے تنظیمی سرگرمیوں کو نچلی سطح تک مؤثر انداز میں پہنچانا ہے۔

7 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات اور 2029 کی تیاری

ذرائع کے مطابق میٹنگ میں اگلے سال ہونے والے سات ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی ٹیم کی ذمہ داریوں اور پارٹی کی انتخابی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال ہوسکتا ہے۔ اس کے ساتھ 2029 کے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں اور تنظیم کی طویل مدتی ترجیحات پر بھی غور کیا جائے گا۔ نتن نبین بی جے پی کے ریاستی صدور، تنظیمی جنرل سیکریٹریز، ریاستی انچارجز اور شریک انچارجز کے ساتھ بھی میٹنگ کریں گے۔ ان اجلاسوں میں مختلف ریاستوں میں تنظیم کی موجودہ صورتحال، آئندہ سیاسی پروگراموں اور انتخابی تیاریوں پر گفتگو ہونے کا امکان ہے۔

مودی کی عوامی زندگی کے 25 سال مکمل ہونے پر پروگرام

میٹنگ کے اہم ایجنڈے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر میں منعقد کیے جانے والے پروگراموں کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے۔ نریندر مودی نے 7 اکتوبر 2001 کو پہلی مرتبہ گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل کسی نہ کسی عوامی عہدے پر فائز رہے ہیں۔ 2014 میں وزیر اعظم بننے سے قبل انہوں نے تقریباً 13 سال تک گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں۔

65 رکنی نئی ٹیم میں 51 نئے چہرے

بی جے پی نے 17 اگست کو نتن نبین کی قیادت میں 65 رکنی نئی ٹیم کا اعلان کیا تھا۔ اس ٹیم میں 51 نئے چہرے شامل ہیں، جسے پارٹی تنظیم میں بڑے پیمانے پر توسیع اور ردوبدل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔نئی ٹیم کے ساتھ ہونے والی میٹنگیں اس لیے بھی اہم ہیں کہ ان کے ذریعے بی جے پی کی آئندہ تنظیمی اور انتخابی حکمت عملی کی سمت طے ہوسکتی ہے۔ سات ریاستوں کے اسمبلی انتخابات سے لے کر 2029 کے لوک سبھا انتخابات تک پارٹی کی تیاریوں میں نتن نبین کی نئی ٹیم کا کردار اہم رہنے کی توقع ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read