Bharat Express DD Free Dish

PM Modi calls for unity between hills and valley in Manipur: ’’منی پور میں پہاڑی اور وادی کے لوگوں کے درمیان ایک مضبوط پل بنانا ضروری ہے‘‘، امپھال میں پی ایم مودی نے عوام سے کیا خطاب

انھوں نے منی پور کے ترقیاتی سفر کو سراہتے ہوئے کہا کہ 21ویں صدی شمال مشرق کی ہے اور اس علاقے کو مسلسل ترجیح دی جا رہی ہے۔

وزیرِاعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز منی پور کے دارالحکومت امپھال کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے ریاست میں امن، اتحاد اور ترقی پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ منی پور میں پہاڑی اور وادی کے عوام کے درمیان ایک مضبوط پل بنانے کی ضرورت ہے، تاکہ ریاست کو پرامن ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ وزیرِاعظم نے آزادی کی تحریک میں منی پور کی تاریخی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ وہی سرزمین ہے جہاں انڈین نیشنل آرمی نے پہلی بار ترنگا لہرایا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ’’منی پور میں کسی بھی قسم کا تشدد نہ صرف بدقسمتی ہے بلکہ یہ ہمارے آبا و اجداد اور آنے والی نسلوں کے ساتھ ناانصافی بھی ہے۔ ہمیں مل کر ریاست کو امن و ترقی کی راہ پر لے جانا ہے۔‘‘

اس دوران وزیرِاعظم مودی نے 2023 سے ریاست میں جاری نسلی تشدد کے متاثرین سے بھی ملاقات کی، جن میں وہ افراد شامل تھے جن کے گھر تباہ ہو چکے ہیں اور جو کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ پی ایم مودی نے اعلان کیا کہ مرکزی حکومت نے ان بے گھر افراد کے لیے 7,000 نئے مکانات کی منظوری دی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ’’ہماری حکومت امن و استحکام کی بحالی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔‘‘ اس کے علاوہ انھوں نے منی پور کے ترقیاتی سفر کو سراہتے ہوئے کہا کہ 21ویں صدی شمال مشرق کی ہے اور اس علاقے کو مسلسل ترجیح دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق 2014 سے پہلے منی پور کی ترقی کی رفتار ایک فیصد سے بھی کم تھی، جو اب کئی گنا بڑھ چکی ہے۔

دریں اثنا انھوں نے آپریشن سندور کے دوران اپنی جان قربان والے بی ایس ایف کے کانسٹیبل دیپک کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ منی پور کے نوجوان قوم کی حفاظت اور کھیلوں دونوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ آخر میں وزیرِاعظم نے امپھال میں 1,200 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، جن میں سول سیکریٹریٹ، نیا پولیس ہیڈکوارٹر، دہلی و کولکاتا میں منی پور بھون اور چار اضلاع میں خواتین کے لیے خاص ’’ایما مارکیٹس‘‘ شامل ہیں۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read