ہندوستان اور پاکستان کے بیچ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان جمعرات کو مختلف ایئر لائنز کے ذریعے دہلی ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والی 90 پروازیں، جن میں 5 بین الاقوامی بھی شامل ہیں، منسوخ کی گئیں۔ واضح رہے کہ ’آپریشن سندور‘ کے بعد موجودہ صورت حال کے تناظر میں ملک کے مختلف حصوں میں تقریباً 27 ہوائی اڈے بند ہیں اور سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ڈی آئی اے ایل نے دی اطلاع
اسی پس منظر میں آج دہلی ہوائی اڈے پر مجموعی طور پر 46 اندرون ملک روانگی کی پروازیں اور 33 آنے والی پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ دہلی ہوائی اڈے سے 5 بین الاقوامی روانگی اور 6 آنے والی پروازوں کو بھی منسوخ کیا گیا ہے۔ ڈی آئی اے ایل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا ’’دہلی ہوائی اڈے کے ٹرمینلز اور اس کے چار رن ویز پر تمام آپریشنز معمول کے مطابق جاری ہیں۔ تاہم فضائی حدود کے بدلتے ہوئے حالات نے کچھ پروازوں کو متاثر کیا ہے۔‘‘
دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (DIAL)، جو اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (IGIA) کو چلاتا ہے، نے یہ بھی کہا کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ پروازوں کے نظام الاوقات کو فعال رکھنے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو کم کیا جا سکے۔ دریں اثنا ملک کے متعدد ہوائی اڈوں پر خدمات وقتی طور پر معطل کی گئی ہیں اور سیکڑوں پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔
آپریشن سندور کے بعد کشیدگی میں مزید اضافہ
واضح رہے کہ ہندوستانی حکومت کی جانب سے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے خلاف جوابی کارروائی کے طور پر ’’آپریشن سندور‘‘ شروع کیے جانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان حالات مزید کشیدہ ہو چکے ہیں اور پاکستان لگاتار ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کیے جا رہا ہے، جس میں متعدد شہریوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان نے رات میں ہندوستان کی کئی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، تاہم ہندوستانی فوج نے اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی میں لاہور کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو ناکام کر دیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


