Mohammad bin Abdulkarim Al-Issa At Jama Masjid: مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علماء کونسل شیخ ڈاکٹر محمد العیسی نے دار الحکومت نئی دہلی کی جامع مسجد میں امامت وخطابت کے فرائض انجام دیئے۔ یاد رہے کہ 400 سال میں پہلی بار ہندوستان کے باہر سے کسی مذہبی شخصیت نے اس منبر پر خطبہ دیا ہے۔آپ نے جامع مسجد کے خطیب کی دعوت اور نمازیوں کی خواہش پر یہ فریضہ انجام دیا۔ اس دوران اپنے خطبہ جمعہ میں کہا کہ اسلام دوہری باتیں پسند نہیں کرتا۔ مسلمانوں کو سچا ہونا چاہیے۔اسلام اچھے کردار کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو سب کے ساتھ حسن سلوک کرنا چاہیے۔ اسلام میں انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں۔ ہمیں اپنے پڑوسیوں کا خیال رکھنا چاہیے۔
شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اسلام تمام انسانیت کا احترام کرنے کا درس دیتا ہے۔ اسلام انسانیت کے تحفظ پر یقین رکھتا ہے۔ اسلامی پیغام جغرافیہ، سیاق و سباق اور تنوع کا احترام کرتا ہے۔ سچا مومن سیدھے راستے پر چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سچے مومن کو نرم دل ہونا چاہیے۔ یاد رہے کہ تشدد کا راستہ اختیار کرنے والوں کوہمیشہ شکست ہوگی۔
بتا دیں کہ العیسیٰ نے منگل (11 جولائی) کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔ وزیراعظم آفس نے دونوں کی ملاقات کی اطلاع دی تھی۔ پی ایم او نے کہا تھا کہ انہوں نے (پی ایم مودی اور العیسیٰ) بین مذہبی ہم آہنگی، امن کو آگے بڑھانے اور انسانی ترقی کی سمت میں کام کرنے کے مختلف پہلوؤں پر گہرائی سے بات چیت کی۔ واضح رہے کہ مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل العیسیٰ حکومت ہند کی سرکاری دعوت پر ہندوستان آئے ہیں۔ پی ایم مودی سے ملاقات کے ایک دن بعد، مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل العیسیٰ نے کہا تھا کہ وزیر اعظم مودی نے ہر قسم کی انتہا پسندی اور نفرت کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا، چاہے اس طرح کے واقعات کا ذریعہ کچھ بھی ہو۔
بھارت ایکسپریس۔