نئی دہلی: مولانا غلام محمد وستانویؒ کے انتقال کی خبر پر امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رحلت، اس نازک وقت میں ملت اسلامیہ ہند کے لیے ایک بڑا خسارہ ہے۔ ان کے انتقال سے ہم ایک مخلص خادمِ قرآن، باکمال منتظم، دینی و عصری تعلیم کے ممتاز ماہر، اور صاحبِ بصیرت عالم دین سے محروم ہو گئے ہیں۔
مولانا وستانویؒ کی شخصیت مختلف اوصاف کا درخشاں نمونہ
قوموں کی ترقی میں ادارہ سازی اور حسنِ انتظام کی صلاحیت کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اور مولانا وستانویؒ کی شخصیت اس وصف کا درخشاں نمونہ تھی۔ انہوں نے نہ صرف گوناگوں چیلنجوں کا حکمت و جرات سے سامنا کرتے ہوئے متعدد دینی و عصری تعلیمی ادارے قائم کیے، بلکہ اپنے سلیقے، دور اندیشی اور حسن انتظام سے انہیں قلیل عرصے میں معیاری اداروں کی صف میں لا کھڑا کیا۔ دینی و عصری علوم کے امتزاج کی باتیں ملت کے مختلف حلقوں میں مسلسل ہوتی رہی ہیں لیکن اس کا جو کامیاب اور مؤثر تجربہ آپ کی سرپرستی میں ہوا، وہ ملک میں اپنی مثال آپ ہے۔
توازن، اعتدال اور حکمت کی غیرمعمولی صلاحیت
مختلف پروفیشنل علوم میں دینی تربیت اور کردار سازی کے ساتھ ماہر افراد کی تیاری ملت کی ایک اہم ضرورت ہے۔ آپ نے اس دیرینہ خواب کو بھی ممکن کردکھایا۔ مولانا مرحوم ایک عملی شخصیت کے مالک تھے، وقت کے تقاضوں اور ضروریات کو بخوبی سمجھتے تھے اور انہیں توازن، اعتدال اور حکمتِ عملی کے ساتھ پورا کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے تھے۔ اپنی ان متنوع صلاحیتوں کو جس استقامت، اخلاص اور ایثار کے ساتھ انہوں نے ملت کی خدمت اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے لیے استعمال کیا، وہ یقیناً انہیں ملت کے عظیم محسنوں کی صف میں شامل کرتا ہے۔
سرپرستی، حوصلہ افزائی اور خرد نوازی ان کی نمایاں خصوصیت
امیر جماعت نے فرمایا کہ مولانا وستانویؒ اتحادِ ملت کے سچے داعی اور مضبوط نقیب تھے۔ وہ تمام مکاتبِ فکر کی نمائندہ شخصیات سے قریبی تعلقات رکھتے تھے اور ان کی دینی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ امیر جماعت نے مولانا مرحوم سے اپنے ذاتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا ’’ ان سے میرے روابط اس دور سے ہیں جب میں ’ایس آئی او‘ کا صدر تھا۔ ہماری دعوت پر وہ ’ایس آئی او‘ کے بعض پروگراموں میں بھی تشریف لائے تھے اور بصد شفقت اپنے ادارے کا دورہ و معائنہ بھی کرایا تھا۔ نوجوانوں کی سرپرستی، حوصلہ افزائی اور خرد نوازی ان کی ہمہ جہت شخصیت کی ایک نمایاں خصوصیت تھی۔‘‘
آخر میں، امیر جماعت نے مرحوم کے اہل خانہ بالخصوص محترم دوست جناب حذیفہ وستانوی سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کے درجات بلند فرمائے، ان کی بے مثال خدمات کو ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے، ان کے عظیم مشن کے تسلسل کا سامان فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

