ممبئی: فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے اپنے تین روزہ دورۂ بھارت کے دوران ممبئی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور بھارت کے عالمی کردار کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کی کئی بڑی عالمی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران بھارتی نژاد ہیں، جو بھارت کی صلاحیت اور قیادت کا ثبوت ہے۔ دونوں لیڈروں نے کرناٹک کے ویمگل میں ٹاٹا ایئربس کے ایچ-125 لائٹ یوٹیلٹی ہیلی کاپٹر فائنل اسمبلی لائن کا ورچوئل افتتاح کیا۔ اس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت-فرانس دفاعی اور تکنیکی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
انڈیا-فرانس انوویشن فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر میکرون نے کہا کہ فرانس، ”میک اِن انڈیا“ پہل کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک جدید انجن، ملٹی رول ہیلی کاپٹر، جدید لڑاکا طیاروں اور آبدوزوں کی تیاری میں مل کر کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تعاون صرف دفاعی معاہدوں تک محدود نہیں بلکہ زمین، سمندر اور فضا ہر شعبے میں وسعت اختیار کر رہا ہے۔
صدر میکرون نے خلائی شعبے میں ”ترشنا“ سیٹلائٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب سائنس دان اور صنعت مل کر کام کرتے ہیں تو غیر معمولی نتائج سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے بھارت کی تکنیکی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب بھارت صرف شراکت دار ملک نہیں بلکہ نئی ٹیکنالوجی اور انوویشن میں قیادت کرنے والا ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ الفابیٹ، مائیکروسافٹ، آئی بی ایم، ایڈوبی اور پالو آلٹو نیٹ ورکس جیسی عالمی کمپنیوں کے سی ای او بھارتی نژاد ہیں، جو بھارت کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت اور فرانس کے تعلقات بے حد مضبوط اور قابلِ اعتماد ہیں۔ فرانس بھارت کے قدیم ترین اسٹریٹجک شراکت داروں میں شامل ہے اور صدر میکرون کی قیادت میں اس رشتے کو نئی گہرائی ملی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک مل کر ایسا ہیلی کاپٹر بھارت میں تیار کریں گے جو ماؤنٹ ایورسٹ جیسی بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا اور اسے عالمی منڈی میں برآمد کیا جائے گا۔ دونوں لیڈروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خصوصی عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت دفاع، ٹیکنالوجی اور انوویشن کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
