Bharat Express DD Free Dish

Govt to Control 215 Jamaat-linked Schools in J&K: جموں و کشمیر حکومت نے جماعت اسلامی اور فلاح عام ٹرسٹ سے منسلک 215 اسکولوں کا انتظام اپنے قبضے میں لینے کا کیا اعلان

دوسری جانب جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (JKNC) کے لیڈر اور رکن اسمبلی ریاض احمد خان نے اس فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نیت اور جاری کردہ حکم میں تضاد پایا جاتا ہے۔

فائل فوٹو (پی ٹی آئی)

جموں و کشمیر حکومت نے ہفتے کے روز ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ریاست میں جماعتِ اسلامی (JeI) اور فلاحِ عام ٹرسٹ (FAT) سے منسلک 215 اسکولوں کا انتظامی کنٹرول سنبھالنے کا حکم جاری کیا ہے۔ حکومت کے مطابق یہ فیصلہ ان اسکولوں کے طلبا کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ اور بہتر نظم و نسق کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ سرکاری حکم نامے کے تحت ان اسکولوں کی موجودہ مینجنگ کمیٹیوں کی معیاد ختم ہو چکی ہے اور خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس میں ان پر منفی تبصرہ کیا گیا ہے۔ اسی بنیاد پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان اسکولوں کا کنٹرول فی الفور متعلقہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ یا ڈپٹی کمشنر کو سونپا جائے گا۔ وہ اسکولوں کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد نئی مینجمنٹ کمیٹیوں کی تجویز پیش کریں گے۔

یہ قدم جموں و کشمیر اسکول ایجوکیشن رولز 2010 کے تحت حاصل اختیارات کے تحت اٹھایا گیا ہے، تاکہ اسکولوں میں تعلیم کا معیار قومی تعلیمی پالیسی (NEP) کے مطابق برقرار رکھا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنرز اور مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے مشاورت اور تعاون کے ساتھ فوری اقدامات کریں، تاکہ طلبا کے تعلیمی سفر میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

دوسری جانب جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (JKNC) کے لیڈر اور رکن اسمبلی ریاض احمد خان نے اس فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نیت اور جاری کردہ حکم میں تضاد پایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق وزیر تعلیم سکینہ نے پہلے بیان دیا تھا کہ قریبی سرکاری اسکولوں کے پرنسپل ان اسکولوں کا عبوری انتظام سنبھالیں گے، لیکن اب جاری کردہ حکم میں کچھ اور ہی کہا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزیر تعلیم نے سوشل میڈیا پر وضاحت دی تھی کہ اسکولوں کی تصدیق تک قریبی اسکولوں کے سربراہ ان کا انتظام سنبھالیں گے، مگر اب جو حکم آیا ہے وہ اس سے مختلف ہے۔‘‘

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read