Bharat Express DD Free Dish

Jio IPO Gets Green Light: جیو کے آئی پی او کو ملی منظوری، آج سیبی میں داخل ہوگا ڈی آر ایچ پی، مکیش امبانی بولے ’’یہ میرے لیے جذباتی لمحہ، جیو کا روشن مستقبل نئے سرمایہ کاروں کا منتظر‘‘

آکاش، ایشا اور اننت امبانی سنبھالیں گے جیو کے آئی پی او کی قیادت۔ مکیش امبانی نے کہا ہے کہ ریلائنس اور اس کے شیئر ہولڈرز کے درمیان تعلق محض کاروباری نہیں بلکہ اعتماد، احترام، باہمی ترقی اور فخر پر مبنی ایک مضبوط اور مقدس رشتہ ہے۔ 

ریلائنس انڈسٹریز کی ڈیجیٹل کمپنی جیو پلیٹ فارمز کے مجوزہ آئی پی او (ابتدائی عوامی پیشکش) کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ڈرافٹ ریڈ ہیرنگ پراسپیکٹس (DRHP) کو منظوری دے دی ہے، جسے آج سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) میں داخل کیا جائے گا۔ اس اعلان کے بعد ملک کے بڑے آئی پی اوز میں شمار کیے جانے والے جیو آئی پی او کو لے کر سرمایہ کاروں اور بازار میں دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔

’یہ میرے لیے انتہائی جذباتی لمحہ ہے‘

ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے اس فیصلے کو اپنے لیے، پورے ریلائنس خاندان اور کمپنی کے لاکھوں شیئر ہولڈرز کے لیے ایک نہایت جذباتی لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلائنس اور اس کے شیئر ہولڈرز کے درمیان تعلق صرف کاروباری نوعیت کا نہیں بلکہ اعتماد، احترام اور مشترکہ ترقی پر مبنی ایک مضبوط رشتہ ہے، جسے ان کے والد دھیرو بھائی امبانی ہمیشہ خاص اہمیت دیتے تھے۔ مکیش امبانی نے کہا کہ یہی روایت آج بھی ریلائنس کی بنیادی اقدار کا حصہ ہے اور کمپنی اپنے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو سب سے بڑی ذمہ داری سمجھتی ہے۔

دنیا کے سامنے آئے گی بھارت کی ٹیکنالوجی صلاحیت

مکیش امبانی نے بتایا کہ آکاش امبانی، ایشا امبانی اور اننت امبانی جیو کے آئی پی او کے پورے عمل کی قیادت کر رہے ہیں اور مستقبل میں کمپنی کے لیے نئی ویلیو کری ایشن کے مواقع بھی یہی نسل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جیو کی مجوزہ لسٹنگ صرف ایک مالیاتی پیش رفت نہیں بلکہ دنیا کے سامنے یہ ثابت کرنے کا موقع بھی ہے کہ بھارت عالمی معیار، عالمی صلاحیت اور عالمی قدر رکھنے والی ٹیکنالوجی کمپنیاں قائم کرنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔ سرمایہ کاروں کو یقین دہانی کراتے ہوئے مکیش امبانی نے کہا کہ جیو کا مستقبل نہایت روشن ہے۔ ان کے مطابق یہ آئی پی او ریلائنس کے لیے رواں سال ویلیو کری ایشن کا سب سے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، جو موجودہ شیئر ہولڈرز کے لیے نمایاں فائدہ لائے گا اور نئے سرمایہ کاروں کے لیے بھی ایک پرکشش سرمایہ کاری کا موقع فراہم کرے گا۔ جیو کا آئی پی او اس سال کے سب سے بڑے کارپوریٹ واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے، جس پر اب سرمایہ کاروں اور بازار کی گہری نظر برقرار ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read